ملک بھر میں عید میلاد النبیﷺ عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی

129
جشن عیدمیلاد النبی ؐ

اسلام آباد۔29اکتوبر (اے پی پی):کورونا وائرس کے پیش نظر ایس او پیز پر عمل درآمد اور سکیورٹی انتظامات کو یقینی بناتے ہوئے ملک بھر میں عید میلاد النبیﷺ ( کل) جمعہ کو عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی۔ وفاقی دارالحکومت میں پارلیمنٹ ہائوس سمیت بڑی عمارتوں پر چراغاں کیا گیا ہے ملک بھر میں مساجد سمیت عمارتوں اور شاہراہوں پر سبز پرچموں اور برقی قمقموں کی سجاوٹ سمیت بازاروں اور شاہراہوں پر محرابیں اور آرائشی دروازے بھی نصب کئے گئے ہیں۔ وفاقی دارالحکومت میں عید میلاد النبی کا جلوس ستارہ مارکیٹ (جی سیون) سے شروع ہوگا اور مختلف راستوں سے گزرنے کے بعد آب پارہ مارکیٹ میں حضرت سخی محمود کے مزار کے قریب اختتام پذیر ہوگا۔ اس موقع پر اسلام آباد پولیس کی جانب سے سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔ جلوس کی نگرانی کے لئے تقریباً ایک ہزار پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا جن میں کیو آر ایف، اے ٹی ایس، سی ٹی ایف اور پولیس کمانڈوز شامل ہیں جبکہ رینجرز، سی آئی ڈی اور سپیشل برانچ پولیس کی خصوصی ٹیمیں ان کی معاونت کریں گی۔ جلوس کی گذر گاہ کو چار مختلف سیکٹروں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ اسلام آباد پولیس کی جانب سے جلوس کے تمام داخلی مقامات پر واک تھرو گیٹس سے شرکاءکو چیک کرنے کے لئے میٹل ڈیٹیکٹر استعمال کئے جائیں گے۔ جلوسوں کے اوقات کے دوران ٹریفک کے متبادل راستوں کے لئے بھی انتظام کیا جائے گا اور ٹریفک پولیس اہلکار ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لئے فرائض سرانجام دیں گے۔ 12 ربیع الاول کے موقع پر تعلیمی اداروں اور پبلک ہالز میں سیرت النبیﷺ کے حوالے سے مختلف تقریبات بھی منعقد ہوں گی جبکہ عید میلاد النبی کی صبح وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی بھی دی جائے گی۔ پاکستان ٹیلی ویژن، ریڈیو پاکستان اور دیگر نجی ٹی وی چینلز سے ربیع الاول کی مناسبت سے خصوصی پروگرام نشر کئے جائیں گے۔ اسی طرح محکمہ داخلہ پنجاب نے عید میلاد النبی کے سلسلہ میں صوبہ بھر کے تمام اضلاع کو سیکورٹی گائیڈ لائنز جاری کی ہیں۔ اس ضمن میں محکمہ داخلہ پنجاب کی طرف سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا اور تمام اضلاع کی انتظامیہ کوعید میلاد النبی پر فول پروف سیکورٹی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ محکمہ داخلہ پنجاب کا کنٹرول روم عید میلاد النبیﷺ کے جلوسوں کی 24 گھنٹے مانیٹرنگ کرے گا۔ نوٹیفکیشن میں عید میلادالنبیﷺ پر کورونا ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ محافل اور تقاریب میں ماسک کا استعمال اورسماجی فاصلہ قائم رکھا جائے۔ اسی طرح کراچی میں کمشنر کراچی سہیل راجپوت کی زیر صدارت عید میلاد النبی کے جلوس اور محافل کے انعقاد کے موقع پر سیکورٹی اور شہری سہولتوں کی فراہمی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے اعلیٰ سطحی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عید میلاد النبی کے موقع پر مرکزی جلوسوں اور محافل میں خصوصی انتظامات کئے جائیں گے۔ اجلاس میں علماءکرام، مذہبی رہنما، مذہبی جماعتوں کے نمائندوں اورمتعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ اسی طرح ملتان، جہلم، ساہیوال، خضدار، کوئٹہ، پشاور، ایبٹ آباد، اٹک میں بھی انتظامیہ کی جانب سے عید میلاد النبی کے سلسلے میں اجلاس منعقد ہوئے اور جلوسوں کے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔