
کراچی۔ 27 جنوری (اے پی پی) خاتون اول ثمینہ عارف علوی نے کہا ہے کہ مختلف موضوعات پر معاشرے میں آگاہی فراہم کرنے کی ضرورت ہے، میڈیا معاشرتی موضوعات پر آگاہی فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے، عدم آگاہی بغص اوقات بڑے نقصان کی وجہ بن جاتی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو رنگون والا ہال میں برنس سینٹر کی جانب سے مختلف اسکولز کے بچوں کے درمیان آگ سے بچاوءکی تدابیر کے موضوع پر منعقدہ پوسٹرز کے مقابلے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم آگاہی کی فراہمی کو اہمیت نہیں دیتے اور چھوٹی سی غلطی کی وجہ سے خوبصورت چہرے جھلس جاتے ہیں ، کروڑوں روپے کی املاک کو نقصان پہنچ جاتا ہے اور ادارے برباد ہوجاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی جیسے بڑے شہر کے لئے ایک برنس سینٹر ناکافی ہے، شہر میں مزید سینٹرز قائم کئے جانے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس طرح کے مقابلوں کو فروغ دینا چاہئے اور مختلف موضوعات پر آگاہی تقاریب منعقد کرنی چاہئے۔ خاتون اول ثمینہ عارف علوی نے مختلف معاشرتی موضوعات پر آگاہی فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بریسٹ کینسر بھی اہم مسئلہ ہے اور اس حوالے سے آگاہی شروع کی ہے۔ تقریب میں برنس سینٹر کی انتظامیہ کے علاوہ مختلف اسکولز کے بچوں اور اساتذہ نے بھی شرکت کی۔