اسلام آباد۔22جون (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے خاتون کو ہراساں کرنے کی شکایت کے ازالہ میں غفلت برتنے پر ایف آئی اے کے متعلقہ افسرا ن کو فوری طور پر معطل کرنے اور خاتون کو جلد ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ کسی بھی شہری کی شکایت پر غفلت برتنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ منگل کو پرائم منسٹر ڈلیوری یونٹ (پی ایم ڈی یو) سیٹیزن پورٹل کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیرا عظم کوشکایت ملی کہ خاتون نے ہراساں کرنے کے خلاف سیٹیزن پورٹل پر شکایت کی لیکن خاتون کی شکایت کے ازالہ میں غفلت برتی گئی۔
وزیر اعظم نے اس پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے سخت نوٹس لیا اور ڈی جی ایف آئی اے کو شفاف انکوائری کی غرض سے متعلقہ افسران کو معطل کرنے کی ہدایت کی۔ بیان کے مطابق خاتون نے پاکستان سٹیزن پورٹل پر 5 مرتبہ شکایات درج کی تاہم ایف آئی اے افسران نے کارروائی نہ کی۔ وزیر اعظم نے متعلقہ افسران کے خلاف غیر ذمہ دار افسران کے خلاف انکوائری کرکے سخت ایکشن کی ہدایت کی۔ خاتون نے ہراسگی کے باعث یونیورسٹی سے نوکری چھوڑ کر ایف آئی اے سے رجوع کیا اور ایف آئی اے افسران کے عدم تعاون کی وجہ سے خاتون نے مبینہ خودکشی کی کوشش کی۔ 16 دسمبر 2019 سے 13 جون 2021 تک ایف آئی اے نے شکایت کو مسلسل نظرانداز کیا۔
دو بار شکایت ری اوپن کے باوجود ایف آئی اے نے اپنی ذمہ داری میں کوتاہی برتی جس پر خاتون اپنے شوہر کے ہمراہ ایف آئی اے کے خلاف شکایت لے کر وزیراعظم آفس پہنچ گئی۔ خاتون کی درخواست پر وزیراعظم آفس نےسخت کارروائی کی اور خاتون کو متعلقہ افسران کے خلاف سخت کارروائی کی یقین دہانی کروائی ۔ وزیراعظم ڈلیوری یونٹ نے ڈی جی ایف آئی اے کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ اس معاملے کی اعلی سطح تحقیقات کروا کر متعلقہ افسران کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی کی جائے۔کسی بھی شہری کی شکایت پر غفلت برتنے کی اجازت نہیں جانے دی جائے گی۔ انکوائری رپورٹ وزیراعظم کو 20 جولائی 2021 کو پیش کی جائے گی