مکہ مکرمہ ۔13جنوری (اے پی پی):خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر سرپرستی منعقد ہونے والی حج کانفرنس و نمائش کے چوتھے ایڈیشن کا افتتاح ’ جدہ سپرڈوم ‘میں نائب گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز کریں گے۔
ایس پی اے کے مطابق وزارتِ حج وعمرہ کے زیر انتظام ضیوف الرحمن خدمت پروگرام کے تعاون سے کانفرنس و نمائش میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے 280 سے زائد ادارے شرکت کر رہے ہیں جبکہ 120 سے زیادہ سپیکرز اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔کانفرنس میں حج خدمات فراہم کرنے والے مقامی اور 100 سے زائد بین الاقوامی اداروں کے اعلی عہدیدار بھی موجود ہوں گے۔کانفرنس میں مختلف ممالک کے حج مشنز اور عازمین کو خدمات فراہم کرنے والے اداروں کے مابین تعاون کا اہم ذریعہ ہو گی جس سے فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کو مزید بہتر کیا جاسکے گا۔کانفرنس 13 سے 16 جنوری تک جاری رہے گی ۔