خان عبدالولی خان کی اہلیہ بیگم نسیم ولی خان انتقال کر گئیں

195

پشاور۔16مئی (اے پی پی):رہبر تحریک خان عبدالولی خان کی اہلیہ اوربزرگ خاتون سیاستدان بیگم نسیم ولی خان انتقال کر گئیں، وہ عوامی نیشنل پارٹی کی سابق صوبائی صدر تھیں۔اے این پی کی سابق صوبائی صدر بیگم نسیم ولی خان کے اہلخانہ نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بیگم نسیم ولی شوگر اور عارضہ قلب میں مبتلا تھیں۔

بیگم نسیم ولی خان اے این پی کے رہبر تحریک خان عبدالولی خان کی بیوہ تھیں اور مرحومہ ایک بار قومی اسمبلی اور تین بار صوبائی اسمبلی کی رکن منتخب ہو چکی تھی اور پہلی خاتون سیاستدان تھی جو رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئی تھیں۔بیگم نسیم ولی کی نماز جنازہ آج شام 6بجے ولی باغ چارسدہ میں اداکی جائے گی۔

بیگم نسیم ولی خان نے 1954 میں ولی خان سے شادی کی ان کو 1977 میں خیبرپختونخوا کی پہلی خاتون رکن اسمبلی منتخب ہونے کا بھی منفرد اعزاز حاصل ہوا۔بیگم نسیم ولی خان اے این پی کے موجودہ سربراہ اسفندیار ولی کی سوتیلی اور سنگین ولی خان کی حقیقی والدہ ہیں ۔