خدمات کے شعبہ کے تجارتی خسارہ میں 10 ماہ کے دوران 33.4 فیصد کمی ہوئی، سٹیٹ بینک

سٹیٹ بینک

اسلام آباد ۔ یکم جون (اے پی پی) رواں مالی سال کے دوران خدمات کے شعبہ کے تجارتی خسارہ میں 33.4 فیصد کمی ہوئی ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال کے ابتدائی 10 ماہ میں جولائی تا اپریل 2019-20 ءکے دوران خدامت کے شعبہ کا تجارتی خسارہ 2.617 ارب ڈالر تک کم ہو گیا جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا اپریل 2018-19ءکے دوران خدمات کے شعبہ کی تجارت کا ملکی خسارہ 3.93 ارب ڈالر رہا تھا۔ اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے دوران پاکستان کے خدمات کے شعبہ کے تجارتی خسارہ میں 1.313 ارب ڈالر یعنی 33 فیصد سے زیادہ کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال میں شعبہ کی درآمدات 19 فیصد کی کمی سے 7.285 ارب ڈالر تک کم ہو گئیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران خدمات کے شعبہ کی درآمدات کا حجم 8.982 ارب ڈالر رہا تھا۔ اس طرح درآمدات کے حجم میں 1.697 ارب ڈالر کی کمی ہوئی ہے۔ دوسری جانب خدمات کے شعبہ کی برآمدات بھی 8 فیصد یعنی 384 ملین ڈالر کی کمی سے 5.052 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 4.668 ارب ڈالر تک کم ہو گئیں۔ ایس بی پی کے مطابق اپریل 2020ءکے دوران خدمات کے شعبہ کا تجارتی خسارہ 170 ملین ڈالر رہا ہے اور اس دوران شعبہ کی برآمدات 415 ملین ڈالر جبکہ درآمدات 585 ملین ڈالر رہی ہیں۔