خرابی موسم کی وجہ سے کرم میں پاکستان تحریک انصاف کے ہونے والے جلسہ میں شریک نہیں ہو سکا ، جلد موقع میسر آنے پر کرم کا دورہ کروں گا، وزیراعظم عمران خان کا ویڈیو پیغام

84

اسلام آباد۔18مارچ (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وہ خرابی موسم کی وجہ سے کرم میں پاکستان تحریک انصاف کے ہونے والے جلسہ میں شریک نہیں ہو سکے تاہم وہ جلد موقع میسر آنے پر کرم کا دورہ کریں گے۔

جمعہ کو کرم میں جلسہ عام میں موسم کی خرابی کی وجہ سے دورہ منسوخ کرنے کے بعد جاری کئے گئے ویڈیو پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ وہ کرم کے لوگوں سے معذرت چاہتے ہیں ،وہ ہیلی کاپٹر میں سوار ہو چکے تھے لیکن ہمارے پائلٹ نے بتایا کہ موسم ایسا ہے کہ ہیلی کاپٹر وہاں جا نہیں سکتا۔

پہاڑی علاقہ ہے اور آندھی چل رہی ہے اس لئے ہیلی کاپٹر نہیں جا سکتا اس لئے میں آپ سے معذرت خواہ ہوں کہ میں جلسہ میں شریک نہیں ہو سکا لیکن میں آپ سے کہنا چاہتا ہوں کہ آپ نے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور شرکت کرنی ہے، مجھے جب بھی موقع ملے گا تو میں آپ کے پاس آئوں گا اور آپ سے بات چیت کروں گا۔