خصوصی افراد کو تعلیمی ضروریات کیلئے تمام ممکنہ وسائل فراہم کئے جائیں گے،مریم نواز

98

لاہور۔4جنوری (اے پی پی):وزیرِ اعلی پنجاب مریم نوازنے کہا ہے کہ خصوصی افراد کو تعلیمی ضروریات کیلئے ہر ممکن وسائل فراہم کئے جائیں گے، بریل سسٹم بصارت سے محروم افراد کیلئے علم و شعور کی روشنی فراہم کرنے کاموثر ذریعہ ہے ،پنجاب میں جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ بریل پریس کام کررہے ہیں۔ہفتہ کو بصارت سے محروم سپیشل ہیروز کیلئے مخصوص ورلڈ بریل ڈے پرجاری پیغام میں وزیر اعلی نے کہا کہ سپیشل ہیروز کی زندگی میں آسانیاں پیدا کرنا اولین ترجیحات میں شامل ہے، خصوصی افراد کو تعلیمی ضرویات کیلئے ہر ممکن وسائل فراہم کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بریل پریس کی اپ گریڈیشن سے سپیشل افراد کو بین الاقوامی سٹینڈرڈ کا تعلیمی مواد بکس مہیا کرنا ممکن ہے،لاہور اور بہاولپور کے بریل پرنٹنگ پریس کے ذریعے صوبہ بھر میں سرکاری و نجی اداروں کو مفت بکس مہیا کی جا رہی ہیں،بصارت سے محروم سٹوڈنٹس کو15 ہزار سے زائد بریل بکس فراہم کی جا چکی ہیں ،سپیشل طلبہ کو قرآن پاک بھی بریل میں مہیا کیا جارہا ہے ۔ مریم نواز نے کہا کہ رواں سال پنجاب بھر میں 3 ہزار سے زائد سپیشل بچوں کو انرول کیا گیا،سپیشل طلبہ کی تعلیمی ضروریات کے پیش نظر معاون آلات فراہم کیے جا رہے ہیں

محکمہ سپیشل ایجوکیشن کو بنیادی اصلاحات کرکے جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے ،خصوصی تعلیم کے اداروں کو سہولتوں کی کمی پوری کرکے اپ گریڈ کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سپیشل پرسن کے معاشی مسائل میں کمی لانے کیلئے ہمت کارڈ کے ذریعے مالی امداد فراہم کی جا رہی ہے،سماعت سے محروم بچوں کو سماجی و تعلیمی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کے لیے معاون آلات فراہم کیے گئے ہیں،پاکستان کے پہلے آٹزم سکول پر کام تیزی سے جاری ہے جو جلد مکمل ہو جائے گا۔ وزیر اعلی پنجاب نے مزید کہا کہ پاکستان کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے

سپیشل افراد کے حقوق کے تحفظ اور خودمختار ی کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں،کوئی بھی بچہ، خواہ وہ کسی بھی معذوری کا شکار ہو، کسی بھی بنیادی حق سے محروم نہیں ہوگا۔