خصوصی افراد کو ملک کا مساوی ،کارآمد اور فعال شہری بنانے کے لئے ٹھوس کوششیں ضروری ہیں ،صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی

کراچی۔24دسمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خصوصی افراد کی رسائی کو بہتر بنانے اور انہیں معاشرے کے مرکزی دھارے میں شامل کرنے کے لیے ٹھوس کوششیں کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ انہیں ملک کا مساوی، کارآمد اور فعال شہری بنایا جا سکے۔ہفتہ کو یہاں عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے زیر اہتمام خصوصی افراد کے ساتھ ایک انٹرایکٹو سیشن کے دوران گفتگو کرتے صدرمملکت نے خصوصی افراد کی زندگی کے تمام شعبوں میں شمولیت کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کو مرکزی دھارے کے اداروں میں تعلیم اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماعت، بصارت، جسمانی اور ذہنی معذوری والے افراد کو سکولوں میں باقاعدہ تعلیم دی جا سکتی ہے۔

ڈاکٹر علوی نے انفرادی اور سماجی سطح پر خصوصی افراد کے حوالے سے رویوں میں تبدیلی لانے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر خصوصی افراد کے حوالے سے رویہ تبدیل ہو رہا ہے اور انہیں زندگی کے تمام شعبوں میں تیزی سے سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ پاکستان خصوصی افراد کی مختلف سرگرمیوں میں شرکت کے لحاظ سے پیچھے ہے۔انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کو ان کے کوٹے کے مطابق ملازمتیں دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاشرے میں ان کی قبولیت کو بڑھانے کے علاوہ خصوصی افراد کے خلاف امتیازی سلوک، منفی دقیانوسی تصورات اور سماجی ممنوعات کو ختم کرنے میں میڈیا کا خاص کردار ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں خصوصی افراد کی تعداد کے بارے میں درست اعداد و شمار کا فقدان ہے تاہم مختلف اندازوں کے مطابق وہ ہماری آبادی کا 10 فیصد سے زیادہ ہیں۔ انہوں نے این جی اوز اور سندھ حکومت پر زور دیا کہ وہ ٹھوس دستاویز سامنے لائیں جس میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کو قانون کا پابند بنائیں تاکہ عوامی عمارتوں کو خصوصی افراد کے لیے قابل رسائی بنایا جا سکے،کسی بھی عمارت کو اس وقت تک کلیئر نہیں کیا جانا چاہئے جب تک کہ اس میں خصوصی افراد کے لیے انتظامات نہ ہوں۔

اس موقع پر خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی نے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے معاشرے کو مزید جامع بنانے کے لئے خصوصی افراد کو معاون ٹیکنالوجی فراہم کرنے، ون ونڈو اور آن لائن آپریشنز کے ذریعے نادرا کے ساتھ ان کی رجسٹریشن میں آسانی پیدا کرنے، ملازمت کا کوٹہ پورا کرنے اور انہیں مرکزی دھارے کے تعلیمی اداروں میں تعلیم دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

گورنر سندھ محمد کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ خصوصی افراد کو مرکزی دھارے میں لانے کا جذبہ تعلیمی اداروں میں شامل کیا جانا چاہیے اور ہمارے معاشرے میں جامع تعلیم اور روزگار کو یقینی بنانے کے لیے پبلک پرائیویٹ اسٹیک ہولڈرز کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے۔انہوں نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور خاتون اول بیگم ثمینہ علوی کا بریسٹ کینسر اور معذوری سے متعلق آگاہی فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ انٹرایکٹو ڈائیلاگ میں محکمہ سندھ کے معذور افراد، مختلف نجی تنظیموں، چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔