کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن محمد علی نے ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد کے ہمراہ ایم سی سی سنٹر،گورنمنٹ سپیشل ایجوکیشن گوجرانوالہ کے زیر اہتمام منعقدہ پنجاب انکلوسیو آرٹ اینڈ کری ایٹویٹی فیسٹیول 2026.میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی
خصوصی بچے معاشرے کا قیمتی حصہ ہیں ،کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن

مزید خبریں
گوجرانوالہ۔ 17 ستمبر (اے پی پی):کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن محمد علی نے ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد کے ہمراہ ایم سی سی سنٹر،گورنمنٹ سپیشل ایجوکیشن گوجرانوالہ کے زیر اہتمام منعقدہ پنجاب انکلوسیو آرٹ اینڈ کری ایٹویٹی فیسٹیول 2026.میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ڈی او سپیشل ایجوکیشن گوجرانوالہ محمد زبیر انجم ،ڈائریکٹر تعلقات عامہ گوجرانوالہ منورحسین،توکل پرسن شفاعت حسین نقوی،مس ماریہ بٹ سمیت ڈویژن بھر سے سپیشل ایجوکیشن کے افسران نے تقریب میں شرکت کی ۔اس موقع پر خصوصی بچوں کی جانب سے تیار کردہ فن پاروں، آرٹ ورک اور مختلف دستکاریوں کا معائنہ کیا اور ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو سراہا۔کمشنر محمد علی نے آرٹ اینڈ کری ایٹویٹی نمائش میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پوزیشن ہولڈرز میں انعامات اور تعریفی اسناد تقسیم کیں۔ انہوں نے خصوصی بچوں کی محنت، صلاحیت اور فنکارانہ تخلیق کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی بچے معاشرے کا قیمتی حصہ ہیں، انہیں ہماری بھرپور توجہ، محبت، حوصلہ افزائی اور مناسب مواقع کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ خصوصی بچے کسی سے کم نہیں، بلکہ مناسب رہنمائی اور سازگار ماحول میسر آنے پر یہ بچے اپنی خداداد صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کر سکتے ہیں اور معاشرے کی تعمیر و ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان کی کامیابیاں اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ عزم، محنت اور حوصلہ ہو تو کوئی رکاوٹ صلاحیتوں کے اظہار میں حائل نہیں ہو سکتی۔کمشنر نے کہا کہ خصوصی بچوں کے لیے تعلیمی، فنی اور تخلیقی سرگرمیوں کا انعقاد ان کی خود اعتمادی میں اضافے کے ساتھ ساتھ انہیں معاشرے میں باوقار مقام دلانے میں بھی معاون ثابت ہوتا ہے۔ انہوں نے اساتذہ اور والدین کی کاوشوں کو بھی سراہا جو خصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت اور شخصیت سازی کے لیے بھرپور محنت کر رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے بھی خصوصی بچوں کی جانب سے پیش کیے گئے فن پاروں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور بچوں کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی۔ تقریب کے اختتام پر پوزیشن ہولڈرز میں انعامات کی تقسیم کی گئی جبکہ خصوصی بچوں اور اساتذہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔







