کوئٹہ۔ 04 اگست (اے پی پی):خضدار میں فرنٹیئر کور قلات سکاؤٹس ایف سی نے ایک کامیاب اور منظم کارروائی کے دوران بڑی مقدار میں غیر قانونی اشیاء برآمد کیں جن میں چھالیہ، گٹکا، سپاری اور مختلف اقسام کے ممنوعہ سگریٹ شامل ہیں۔ایف سی حکام کے مطابق یہ کارروائی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی۔ خضدار کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی طور پر ذخیرہ کی گئیں نشہ آور اشیاء کو نشانہ بنایا گیا۔ ایف سی کی ٹیموں نے انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں چھاپہ مار کارروائی کی اور بھاری مقدار میں چھالیہ، گٹکا، سپاری اور غیر قانونی سگریٹ قبضے میں لیا جن کی مالیت لاکھوں روپے بتائی جاتی ہے۔ کارروائی کے بعد تمام اشیاء کو خضدار ٹاؤن شپ کے ایک کھلے مقام پر جمع کیا گیا اور مقامی انتظامیہ کی موجودگی میں انہیں آگ لگا کر تلف کردیا گیا۔ ایف سی امن و امان ائم کرنے کے ساتھ ساتھ سماجی برائیوں کے خاتمے اور عوامی بہبود کے لیئے بھی نمایاں کردار ادا کرتی ہے۔