خطے بالخصوص دنیا کے امن و استحکام کیلئے افغانستان میں امن ناگزیر ہے، عالمی برادری افغان عوام کی مدد کیلئے آگے آئے، پاکستان اور قازقستان کو دنیا میں امن و استحکام کیلئے مختلف فورمز پر مل کر کام کرنا ہوگا، چوہدری فواد حسین

کابینہ اور پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس کل (جمعہ) ہوگا، وزیراعظم کل رات قوم سے خطاب بھی کریں گے، وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کا ٹویٹ

اسلام آباد۔8دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ خطے بالخصوص دنیا کے امن و استحکام کے لئے افغانستان میں امن ناگزیر ہے، قازقستان سمیت عالمی برادری انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر افغان عوام مدد کے لئے آگے آئے، پاکستان اور قازقستان کو دنیا کے امن و استحکام کیلئے مختلف فورمز پر مل کر کام کرنا ہوگا۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو یہاں قازقستان کے قومی دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے حکومت پاکستان اور عوام کی طرف سے قازقستان کی قیادت اور عوام کو قومی دن کے موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور قازقستان کے درمیان تاریخی، مشترکہ مذہبی و ثقافتی اقدار پر مبنی 30 سالوں سے مضبوط سفارتی تعلقات قائم ہیں، دونوں ممالک کے عوام کا ایک دوسرے سے محبت اور احترام کا رشتہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن و استحکام پاکستان اور خطے کے لئے اہمیت کا حامل ہے، قازقستان سمیت عالمی برادری انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر افغان عوام مدد کے لئے آگے آئے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور قازقستان کو خطے بالخصوص دنیا کے امن و استحکام کے لئے مختلف فورمز پر مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پاکستان اپنی وژن سینٹرل ایشیاءپالیسی کے تحت وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ جامع روابط کو فروغ دینے کا عزم رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قازقستان وسطی ایشیاءکا ایک اہم ملک ہے، دونوں ملکوں کی معیشتوں کی بنیاد زراعت اور صنعتوں پر ہے لہذا دونوں ممالک کو ان شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا چاہئے۔

چوہدری فواد حسین نے دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، تجارتی، سرمایہ کاری، توانائی، باہمی روابط، سیکورٹی اور ثقافت کے شعبوں میں مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور قازقستان اقوام متحدہ سمیت اسلامی تعاون تنظیم، شنگھائی تعاون تنظیم اور اقتصادی تعاون تنظیم کے رکن ممالک ہیں، مضبوط سفارتی، تاریخی، مذہبی اور سیاسی روابط کے حامل تعلقات کے باعث دونوں ممالک اہم تجارتی شراکت دار بننے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور قازقستان اپنی جغرافیائی اہمیت کی وجہ سے پوری دنیا میں اہم مقام حاصل ہے۔ اسلام آباد کو دنیا میں منفرد مقام حاصل ہے، دنیا کی 65 فیصد آبادی اسلام آباد سے تین گھنٹے کی مسافت پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ ریلوے اور روڈ نیٹ ورک کے ذریعے تجارتی روابط کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ دونوں ممالک کو اپنے نجی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں توانائی، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، مواصلات، تعمیرات اور ریلوے کے شعبہ میں تجارت کے وسیع مواقع موجود ہیں، دونوں ممالک ان شعبوں میں مواقع سے مستفید ہو سکتے ہیں۔