گور نر پنجاب سے یورپی پارلیمنٹ کےنائب صدر کی ملاقات ،افغانستان سمیت خطے میں امن کیلئے پاکستانی کردار کو سراہا

63

لاہور۔5نومبر (اے پی پی):گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور سے یورپی پار لیمنٹ کے نائب صدر ہادی ہوتیلا اور ایم ای پی مسٹر نکولا پروکاسینی کی قیادت میں یورپی یونین پارلیمنٹ کے وفد برائے جنوبی ایشیا تعلقات نےملاقات کی ،یورپی یونین کے پار لیمانی وفد نے افغانستان سمیت پورے خطے میں امن کیلئے پاکستانی کردار کو بھی سراہا جبکہ یورپی یونین کے وفد نے ملاقات میں گور نر پنجاب کو جی ایس پی پلس سٹیٹس میں توسیع کیلئے تعاون کی یقین دہانی بھی کروادی ۔

تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور سے یورپی پار لیمنٹ کے نائب صدر ہادی ہوتیلا سمیت دیگر نے ملاقات کی جبکہ اس موقع پر اراکین یورپی پار لیمنٹ بھی موجود تھے اور ملاقات کے دوران خطے کی موجودہ صورتحال ‘مسئلہ کشمیر ‘افغانستان میں امن اور مسئلہ کشمیرسمیت دیگر ایشوز کے بارے میں بات چیت کی گئی اور گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے وفد کو مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم’ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور بھارت میں بسنے والے مسلمانوں کیخلاف ہونیوالے مظالم کے بارے بتایا اور یورپی یونین سے افغانستان میں محاذ آرائی کے خاتمے’ دیرپا امن اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔

ملاقات کے دوران فر یقین نے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے تعمیری شراکت داری کی بنیاد پر مشترکہ کاوشیں جاری رکھنے پر زوردیا اور یورپی یونین کے پار لیمانی وفد نے افغانستان سمیت پورے خطے میں امن کیلئے پاکستانی کردار کو بھی سراہا ہے۔

گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان نے صرف خطے ہی نہیں پوری دنیا میں امن کیلئے ہمیشہ اپنا مثبت کردار ادا کیا ہے اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاکستان نے جو قر بانیاں دیں ہیں دنیا میں اسکی کوئی اور مثال نہیں ملتی ،خطے میں امن کے مکمل قیام کیلئے بھارت کے جنگی جنون کا خاتمہ اور مسئلہ کشمیر کا اقوا م متحدہ کی قراردادو ں کے مطابق حل لازم ہوچکا ہے ۔

چوہدری محمدسرور نے کہا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے مابین ”یورپی یونین سٹرٹیجک انگیجمنٹ پلان دو طرفہ کثیر الجہتی تعاون بڑھانے کے لیے ایک ٹھوس بنیاد اور فریم ورک مہیا کرتا ہے ،پاکستان اور یورپی یونین کے مابین سٹرٹیجک انگیجمنٹ پلان کا اگلا مرحلہ، دو طرفہ تجارت کے فروغ، پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول، موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلقہ چیلنجز سے نمٹنے، اور ڈیجیٹلائزیشن سے متعلقہ امور کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے جی ایس پلس سٹیٹس میں توسیع کے لیے یورپی پار لیمنٹ کے نائب صدور سمیت دیگر اراکین کی جانب سے پاکستان کو تعاون کی یقین دہانی پر بھی ان کا شکر یہ اداکیا ۔