
اسلام آباد ۔ 18 اگست (اے پی پی) پارلیمانی سیکرٹری برائے قومی صحت ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا ہے کہ عام عوام بالخصوص خواتین سمیت معاشرے کے کمزور طبقات کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزارت قومی صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پاپولیشن سٹڈیز (این آئی پی ایس) کے زیر اہتمام پاکستان میٹرنل مورٹیلیٹی سروے (پی ایم ایم ایس) کا انعقاد کیا گیا۔ اس حوالہ سے پارلیمانی سیکرٹری برائے قومی صحت ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا کہ عوام بالخصوص خواتین اور معاشرہ کے کمزور طبقات کو صحت کی بہتر سہولیات تک رسائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت صحت کی سہولیات کی بہتری کیلئے جامع اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سروے کا مقصد ماﺅں کی صحت کے مسائل معلوم کرتے ہوئے پالیسی سازوں اور اداروں کیلئے ڈیٹا مرتب کرنا ہے تاکہ پاکستانیوں کیلئے صحت کی بہتر سہولیات کے اقدامات کئے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میٹرنل مورٹیلیٹی سروے پہلا قومی سروے ہے جس میں چاروں صوبوں سمیت گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے اعداد و شمار اکٹھے کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سروے نتائج سے قومی اور علاقائی سطح پر خدمات اور سہولیات کی کمی کی نشاندہی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے بہتر اقدامات کیلئے ضروری ہے کہ متعلقہ اداروں کی درست اعداد و شمار تک رسائی ہو۔ انہوں نے کہا کہ سروے نتائج سے پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں مدد کے ساتھ ساتھ صحت کی سہولیات میں بہتری میں مدد ملے گی۔