عارف والا 12 اکتوبر (اے پی پی):محکمہ بہبود آبادی ضلعی آفیسر نوید شوکت نے کہا ہے کہ خواتین میں بریسٹ کینسر ایک مہلک بیماری ہے جو خواتین کی صحت کو بری طرح متاثر کرتی ہے، بریسٹ کینسر سے بچاؤ کے لیے عوامی آگاہی انتہائی اہمیت کی حامل ہے، یہ باتیں محکمہ بہبود آبادی کے زیر اہتمام بریسٹ کینسر ویک کے سلسلہ میں منعقدہ سیمینار اور آگاہی واک کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیں۔ اس موقع پر محکمہ بہبود آبادی کے افسران، اہلکاران اور لیڈی ہیلتھ ورکرز بھی موجود تھیں۔
ضلعی آفیسر محکمہ بہبود آبادی نوید شوکت نے کہا کہ بچوں کو دودھ پلانے والی مائیں بریسٹ کینسر کے مرض سے محفوظ رہتی ہیں اور ماں کے دودھ سے بچوں کی صحت بھی اچھی ہوتی ہے اور بچے زیادہ بہتر نشوونما پاتے ہیں، خواتین میں بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی، احتیاطی تدابیر اور علاج معالجہ کے مناسب طریقہ کار سے اس موذی مرض سے بچاؤ ممکن ہے، محکمہ بہبود آبادی کی ہیلتھ ورکرز و دیگر عملہ عوام الناس کو بریسٹ کینسر جیسی مہلک بیماری سے بچاؤ کے سلسلہ میں مکمل آگاہی فراہم کرنے کے لیے متحرک انداز میں اپنے فرائض سر انجام دے رہا ہے تاکہ ایک صحت مند معاشرے کے قیام میں اپنا مخصوص کردار ادا کیا جا سکے۔\