اسلام آباد۔23دسمبر (اے پی پی):سیکرٹری وزارت انسانی حقوق اللہ دینو خواجہ نے کہا ہے کہ خواتین کا عوامی خدمات میں اہم کردار قابل تعریف ہے، جامع، مساوی اور محفوظ کام کی جگہوں کی فراہمی ہماری ترجیح ہونی چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزارت انسانی حقوق نے "نیشنل ورکنگ ویمنز ڈے” کے موقع پر ایک خصوصی تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وزارت کے خواتین افسران و اہلکاروں، اس سے منسلک محکموں، کمیشنز اور مختلف وزارتوں کی نمائندگی شامل تھی۔
سیکرٹری وزارت انسانی حقوق اللہ دینو خواجہ نے خواتین کے عوامی خدمات میں اہم کردار کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ جامع، مساوی اور محفوظ کام کی جگہوں کی فراہمی ہماری ترجیح ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت صنفی برابری، مساوی مواقع اور کام کی جگہ پر امتیاز کے خاتمے کے لئے پالیسیوں کے نفاذ کے لئے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم نہ صرف خواتین کی پیشہ وارانہ کامیابیوں کا اعتراف کر رہے ہیں بلکہ ان کی کوششوں کو بھی سراہا رہے ہیں
جو وہ سماجی روایتی رکاوٹوں کو ختم کرنے، کام کی جگہ پر حائل مشکلات کو دور کرنے اور سب کے لئے مساوی مواقع فراہم کرنے کے لئے کر رہی ہیں، پاکستان کی خواتین نے عوامی انتظامیہ، تعلیم، صحت، ٹیکنالوجی اور کاروبار سمیت مختلف شعبوں میں صنفی تعصبات پر قابو پاتے ہوئے غیر معمولی ہمت اور استقامت کا مظاہرہ کیا ہے۔