خواتین کو بااختیار بنانا پوری قوم کی ترقی کا ضامن ہے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کاوزارتی کانفرنس برائے خواتین سے خطاب

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ مسلم امہ اور پاکستان کی پائیدار ترقی خواتین کو بااختیار بنانے اور انہیں مساوی مواقع فراہم کرنے سے مشروط ہے، اسلام خواتین کے حقوق کا سب سے بڑا ضامن ہے جبکہ خواتین کے لیے ’اپنا روزگار پروگرام‘ ان کا ایک دیرینہ خواب ہے جس سے ملک میں معاشی انقلاب آئے گا۔

اسلام آباد۔13جولائی (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ مسلم امہ اور پاکستان کی پائیدار ترقی خواتین کو بااختیار بنانے اور انہیں مساوی مواقع فراہم کرنے سے مشروط ہے، اسلام خواتین کے حقوق کا سب سے بڑا ضامن ہے جبکہ خواتین کے لیے ’اپنا روزگار پروگرام‘ ان کا ایک دیرینہ خواب ہے جس سے ملک میں معاشی انقلاب آئے گا۔

وہ پیر کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقدہ دو روزہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی وزارتی کانفرنس برائے خواتین سے خصوصی خطاب کر رہی تھیں ۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے کانفرنس میں شریک 57 ممالک کے مندوبین اور عالمی رہنماؤں کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک اور مہمان نواز قوم کی دھرتی ہے۔ انہوں نے او آئی سی کے پلیٹ فارم سے خواتین کے حقوق پر آواز اٹھانے کو اپنے لیے باعثِ اعزاز قرار دیا۔

اپنے خطاب میں مریم نواز نے حکومت کی جانب سے خواتین کی مالی شمولیت، تعلیم اور کاروبار کے مواقع فراہم کرنے کے عزم کو دہرایا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت طالبات کے لیے اسکالرشپس اور لیپ ٹاپس کی فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے تاکہ وہ جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ ہو کر ڈیجیٹل معیشت میں اپنا موثر کردار ادا کر سکیں۔ ’اپنی چھت، اپنا گھر‘ اسکیم سے شہری تیزی سے مستفید ہو رہے ہیں، جبکہ خواتین کو معاشی طور پر خودمختار بنانے کے لیے ’اپنا روزگار پروگرام‘ پر ترجیحی بنیادوں پر کام جاری ہے جو ان کا ایک بڑا خواب ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مسلم دنیا میں خواتین کی سیاسی و سماجی قیادت کا ذکر کرتے ہوئے سابق وزیراعظم محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو مسلم اُمہ کی پہلی خاتون وزیراعظم تھیں جنہوں نے خواتین کی سیاسی اور سماجی نمائندگی کے فروغ اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے ایک تاریخی اور ناقابلِ فراموش کردار ادا کیا۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومتِ پاکستان خواتین کے لیے محفوظ، سازگار اور مساوی ماحول کی فراہمی کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل رکھے ہوئے ہے کیونکہ خواتین کی ترقی کے بغیر کوئی بھی معاشرہ آگے نہیں بڑھ سکتا۔