اسلام آباد۔8اکتوبر (اے پی پی):چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد نے کہا ہے کہ خواتین کو تعلیمی اداروں میں فوقیت دینا حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے، خواتین اس معاشرے کا اہم حصہ ہے، ان کی تعلیم و تربیت کے لئے اقدامات ہائر ایجوکیشن کمیشن کا مشن ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے انگریزی زبان سیکھنے والے طلبہ کے لئے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں منعقدہ اورینٹیشن سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی یونیورسٹیوں میں طالبات کی شرح 52فیصد ہے اوریہ تعداد مزید بڑھانے کے لئے ہماری کوشش جاری ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ ترقی اور خوشحالی کا واحد راستہ تعلیم ہے، تعلیم کے بغیر کسی قوم کا کوئی مستقبل نہیں، طلبہ اپنے کل کو شاندار بنانے کے لئے تعلیم پر خصوصی توجہ دیں۔ڈاکٹر ناصر محمود نے پاکستانی بچوں کو انگریزی زبان سکھانے کے حوالے سے تعاون پر امریکی سفاتخانے اور شعبہ انگریزی کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ انگریزی زبان سیکھنے کے بہت فوائد ہوں گے، طلبہ کو مختلف ممالک میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے اور نوکریاں ملنے کے مواقع ملیں گے۔امریکی سفارتخانے کے ریجنل انگلش لینگوئج افسر جیرالڈ فرینک نے کہا کہ 80ممالک میں پاکستان واحد ایسا ملک ہے جس کے 27ہزار طلبہ نے یہ سکالرشپ حاصل کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی کوششوں سے پاکستان کے تین اضلاع(میانوالی، بھکر اور اٹک)سے 250 نئے طلبہ داخل ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت طلبہ نہ صرف انگریزی زبان میں مہارت حاصل کریں گے بلکہ ان میں تنقیدی سوچ، ڈیجٹل لٹریسی اور دنیا کی ثقافتوں کو سمجھنے کا موقع ملے گا۔ڈاکٹر عبدالعزیز ساحر نے کہا کہ انگریزی دنیا کی بہت بڑی زبان ہے جو عالمی رابطے کی زبان ہے۔انہوں نے طلبہ کو ہدایت کی کہ انگریزی زبان کو پورے توجہ سے سیکھیں تاکہ آپ کو اس زبان میں مہارت حاصل ہو، آپ اس قابل بن جائیں کہ آپ اس زبان میں اچھا پڑھ سکیں، اچھا بول سکیں اور اچھا لکھ سکیں۔
تقریب کے دوران طلبہ نے انگلش ایکسیس پروگرام اور کلاسسز سے متعلق اپنے تاثرات اور خیالات کا اشتراک خوبصورت نظموں کی شکل میں بھی بیان کئے۔طلبہ نے اٹک، میانوالی اور بھکر کے ثقافتی خاکے، روایتی رقص و ٹیبلوز بھی پیش کئے۔شعبہ انگریزی کے چیئرمین ڈاکٹر محمد کمال خان اور پروگرام کوآرڈینیٹر ڈاکٹر امجد خان نے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام ایک شاندار مستقبل کا گیٹ وے ہے جو طلبہ کو مواصلاتی مہارتوں، تنقیدی سوچ اور تعاون کی مہارتوں سے آراستہ کرتا ہے جس کی گلوبلائزدنیا میں ضرورت ہوتی ہے۔