خواتین کو معاشی طور پر خود مختار بنانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، خواتین ملکی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں، ندیم افضل چن

118

اسلام آباد ۔ 08 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم کے ترجمان ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ خواتین کو معاشی طور پر خود مختار بنانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، خواتین ملکی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ ”پودا“ کے زیر اہتمام خواتین کے عالمی دن کے موقع پر جمعہ کو لوک ورثہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خواتین کو اپنے روزمرہ کے معمولات سے نکل کر سیاست میں بھی کردار ادا کرنا چاہئے۔ تحریک انصاف کی رہنما فوزیہ بہرام نے کہا کہ ملکی ترقی میں دیہی خواتین بھی اپنا کردار ادا کر رہی ہیں اور پاکستان تحریک انصاف کی حکومت خواتین کو مرکزی دھارے میں شامل کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے ”پودا“ کی طرف سے دیہی علاقوں میں خواتین کے لئے کئے جانے والے اقدامات کوسراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کاوشوں سے خواتین کو ایسے مواقع میسر آئے کہ وہ بھی معاشرے میں اپناکردار احسن انداز میں نبھا سکیں۔