خواتین کی بڑھتی ہوئی معاشی بااختیاری کاروبار اور پاکستان کیلئے بے حد مفید ہے، ڈاکٹر ثانیہ نشتر

90

نیویارک ۔ 24 ستمبر (اے پی پی)خواتین کی بڑھتی ہوئی معاشی بااختیاری کاروبار اور پاکستان کیلئے بے حد مفید ہے۔ یہ پیغام منگل کو یو ایس پاکستان ویمن کونسل مینٹورنگ کیمپین کے افتتاح پر دیا گیا۔ اس تقریب میں وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے غربت کا خاتمہ وسماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے تفصیل سے وضاحت کی کہ کس طرح سے پاکستان کا نیا مساوات پر مبنی اقدام احساس مالی شمولیت، ذریعہ معاش اور روزگار کے مواقع فراہم کرتے ہوئے اقتصادی میدان میں خواتین کے کردار کو مرکزی دھارے میں ڈال رہا ہے۔ یہ پروگرام پاکستان ملین ویمن مینٹرز اقدام کہلاتا ہے اور اس کا مقصد آئندہ تین سالوں میں پاکستان میں 10 لاکھ خواتین اور لڑکیوں کو رہنما اساتذہ سے ملانا ہے۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کی بااختیاری غربت کے خاتمہ کیلئے بہت اہم ہے اور یہ احساس کا ایک کلیدی اصول ہے۔ جب خواتین ورک فورس میں شامل ہوتی ہیں تو اس سے ملک میں ہر ایک کو فائدہ ہوتا ہے اور انہیں یو ایس پاکستان ویمن کونسل اور پاکستان ملین ویمن مینٹرز اقدام کی تائید کرنے پر بے حد خوش ہے۔ پاکستان سے تعلق رکھنے والی نوجوان خواتین اور لڑکیوں کو دنیا کے معروف رہنماﺅں سے ملا کر ہم ان کو متعدد مواقع فراہم کرسکتے ہیں تاکہ وہ مستقبل میں کاروباری خواتین اور رہنماﺅں کی طرح ترقی کی منازل طے کرسکیں۔