مظفرگڑھ۔ 07 دسمبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنرمظفرگڑھ قراۃ العین میمن کی زیر صدارت صنفی بنیاد پر تشدد کے خلاف 16 روزہ سرگرمیوں کے سلسلے میں جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عابدہ فرید بھی ہمراہ تھیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ صنفی بنیاد پر تشدد ایک اہم مسئلہ ہے۔ضلع میں صنفی بنیاد پر تشدد کی روک تھام کیلئے عملی اقدامات کیے جائیں۔ڈپٹی کمشنر نے تشدد کا شکار ہونے والوں کے لیے اپنی خدمات کو مضبوط بنانے،بہتر مدد اور تیزی سے بحالی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ خواتین کے بنیادی حقوق کی فراہمی کیلئے اقدامات کیے جائیں۔ڈپٹی کمشنر نے صنفی بنیادیوں پر ہونے والے ہر قسم کے تشدد کی روک تھام اور مقابلے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کو فروغ اور صنفی برابری دے کر متوازن معاشرہ قائم کیا جا سکتا ہے۔اجلاس میں پراسکیوشن ڈیپارٹمنٹ کے فوکل پرسن محمد امتیاز، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹینڈنٹ،ڈاکٹر الیاس سمیت دیگر عملے نے شرکت کی۔پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ کے فوکل پرسن محمد امتیاز نے میڈیکل لیگل سرٹیفکیٹس میں متاثرین کی حیثیت کو واضح کیا جن پر توجہ کی ضرورت ہے۔