پاکستان پیپلز پارٹی کے رکنِ قومی اسمبلی نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے کوئٹہ کے سول ہسپتال میں لیڈی ڈاکٹر پر تیزاب پھینکنے کے افسوسناک واقعے کی مذمت
خواتین کے خلاف تشدد اور عدم تحفظ کا ماحول پیدا کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، نوابزادہ جمال خان رئیسانی
کوئٹہ۔ 08 جون (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے رکنِ قومی اسمبلی نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے کوئٹہ کے سول ہسپتال میں لیڈی ڈاکٹر پر تیزاب پھینکنے کے افسوسناک واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک سفاکانہ، بزدلانہ اور ناقابلِ برداشت جرم ہے، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ہماری بیٹیوں اور بہنوں کو نشانہ بنانا نہ صرف ایک سنگین مجرمانہ فعل ہے بلکہ ہماری سماجی، اخلاقی اور انسانی اقدار پر بھی حملہ ہے،خواتین کے خلاف تشدد، خوف و ہراس اور عدم تحفظ کا ماحول پیدا کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے متاثرہ لیڈی ڈاکٹر کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہلِ خانہ سے مکمل ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا،انہوں نے واقعے کے بعد بلوچستان پولیس کی فوری کارروائی اور ملزم تک رسائی کو قابلِ ستائش قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ خواتین کے خلاف جرائم کسی بھی مہذب معاشرے کے لیے باعثِ شرمندگی ہیں۔ ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز اور سخت کارروائی ناگزیر ہے تاکہ انہیں نشانِ عبرت بنایا جا سکے اور معاشرے میں خواتین کے تحفظ، انصاف کی فراہمی اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جا سکے۔









