خواتین کے وقار اور مساوات کو یقینی بنانا ایک قومی فریضہ اور اخلاقی ذمہ داری ہے، محسن نقوی کا خواتین کے عالمی دن پر پیغام

88
Federal Interior Minister
Federal Interior Minister

اسلام آباد۔8مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ان کے وقار اور مساوات کو یقینی بنانا ایک قومی فریضہ اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر نے اسلام کی طرف سے خواتین کو دیئے گئے بے مثال حقوق پر روشنی ڈالی اور اس بات پر زور دیا کہ معاشرے تب ہی ترقی کر سکتے ہیں جب وہ خواتین کی عزت اور وقار کا تحفظ کریں۔انہوں نے کہا کہ تعلیم، روزگار، اور ترقی کے یکساں مواقع تک رسائی تمام خواتین کا حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیشہ ورانہ شعبوں میں خواتین کی شرکت سماجی ترقی کا ایک اہم ستون ہے۔وزیر داخلہ نے تشدد اور امتیازی سلوک سمیت خواتین کو درپیش چیلنجوں کا بھی اعتراف کیا اور اس طرح کی ناانصافیوں کے خلاف مضبوط آواز اٹھانے کے لیے اجتماعی کوششوں پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ خواتین ہماری آبادی کا نصف ہیں اور ان کا بااختیار ہونا قومی ترقی کے لیے ضروری ہے۔ ہم پاکستان میں خواتین کے لیے ایک بہتر، محفوظ اور زیادہ ترقی پسند ماحول فراہم کرنے کا عہد کرتے ہیں۔