خواجہ سعد رفیق کی میڈیا ا سے گفتگو

لاہور۔26اگست (اے پی پی )وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری اور ان کے صاحبزادے جتنی مرضی (ن) لیگ کی مخالفت کریں اس کا ہمیں نقصان نہیں فائدہ ہی ہوگا ‘سیاسی جماعتوں اور ریاستی اداروں کو مل کر آگے بڑھنا ہے ،ڈونلڈ ٹرمپ بھلے مدہوش ہو لیکن وہ امریکی صدر ہے اس کے بیان کو غیر سنجیدگی سے نہیں لیا جا سکتا ‘ عمران خان غیر ذمہ دار آدمی ہے ،مہرے کے طو رپر کام کرنے والے اس شخص کی کوئی اہمیت نہیں ، نواز شریف نے اپنی اہلیہ کی تیمار داری کےلئے لندن جانا ہے لیکن ابھی اس کی حتمی تاریخ طے نہیں ہوئی ،جب ہم سازش کی بات کرتے ہیں تو ہمارا اشارہ کسی ریاستی ادارے کی طرف نہیں ہوتا البتہ بعض کرداراور ان کا رویہ ٹھیک نہیں تھا۔وہ ہفتہ کے روز جاتی امراءرائے ونڈ میں اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگوکر رہے تھے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ قیادت اور رہنماﺅں کے درمیان ہونے والی مشاورت میں سیاسی اور قانونی معاملات پر گفتگو ہوئی ہے اور یہ پراسس چلتا رہے گا ۔اسپیکر قومی اسمبلی نے وزیر اعظم نواز شریف سے الگ ملاقات کی ہے ۔ وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف سابق وزیر اعظم نواز شریف سے رہنمائی لینے کے لئے آئے تھے۔