اسلام آباد۔23اکتوبر (اے پی پی):خوارزمی سائنس سوسائٹی کے زیر اہتمام 2 روزہ لاہور سائنس میلہ 25 اکتوبر ہفتہ سے شروع ہوگا، جو خاص طور پر نوجوان طلباءاور طالبات کے لئے تفریحِ طبع کا باعث ہوگا ۔میلے میں مختلف پرکشش سٹالز لگائے جائیں گے جن میں سائنس اور ٹیکنالوجی کے مختلف نمائش کنندگان کے سٹال، سیارہ گاہ، لیزر مظاہرے، لائٹ ڈسکو، دلچسپ انڈور ورکشاپس کے ساتھ معلوماتی آڈیٹوریم ٹاکس شامل ہیں، …
خوارزمی سائنس سوسائٹی کے زیر اہتمام 2 روزہ لاہور سائنس میلہ 25 اکتوبر سے شروع ہوگا

مزید خبریں
اسلام آباد۔23اکتوبر (اے پی پی):خوارزمی سائنس سوسائٹی کے زیر اہتمام 2 روزہ لاہور سائنس میلہ 25 اکتوبر ہفتہ سے شروع ہوگا، جو خاص طور پر نوجوان طلباءاور طالبات کے لئے تفریحِ طبع کا باعث ہوگا ۔میلے میں مختلف پرکشش سٹالز لگائے جائیں گے جن میں سائنس اور ٹیکنالوجی کے مختلف نمائش کنندگان کے سٹال، سیارہ گاہ، لیزر مظاہرے، لائٹ ڈسکو، دلچسپ انڈور ورکشاپس کے ساتھ معلوماتی آڈیٹوریم ٹاکس شامل ہیں، میلے کے دونوں دن داخلہ مفت ہوگا۔
پاکستان اٹامک انرجی کمیشن سے جاری بیان کے مطابق لاہور سائنس سالانہ تقریب بن گئی ہے، گزشتہ سائنس میلے میں ایک لاکھ سے زیادہ افراد نے شرکت کی تھی۔ میلے کا انعقاد خوارزمی سائنس سوسائٹی کے زیر اہتمام ہورہا ہے۔ سوسائٹی کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر محمد صبیح انور نے ملک میں سائنس کو فروغ دینے کے مقصد کے ساتھ اس میلے کا آغاز 2017 میں کیا تھا۔
پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے ترجمان ڈاکٹر راشد محمود نے عوام بالخصوص لاہور کے رہائشیوں سے کہا ہے کہ وہ اپنے اہلخانہ کے ہمراہ سائنس میلے میں بھرپور شرکت کریں کیونکہ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے مختلف سینٹرز اور کئی دیگر اعلیٰ تحقیق و ترقی سے منسلک اداروں کی ٹیمیں یہاں پہنچ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سائنس کے فروغ کے لئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے اور پی اے ای سی نے اس کے لئے خوارزمی سائنس سوسائٹی کے ساتھ اشتراک کیاہے۔
ڈاکٹر راشد محمود نے کہا کہ لاہور سائنس میلہ محض بچوں یا طلباءو طالبات کے لئے نہیں بلکہ ہر عمر کے لوگ اس سے مستفید ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن تجسس کی ترویج، سائنسی تحقیق کے فروغ اور نوجوان ذہنوں میں سیکھنے کے رجحان کی تشفی کے لئے سائنس میلے میں کئی سالوں سے حصہ لے رہا ہے کیونکہ ان رجحانات کا فروغ ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔
میلے کے دوران معدنیات کی تلاش، بجلی کی پیداوار، زرعی اصلاحات اور صحت کے شعبوں میں پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے کردار کو دلچسپ انداز میں دکھایا جائے گا۔ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے اسٹال کی خاص بات یورپین آرگنائزیشن فار نیوکلیئر ریسرچ (سرن) اور پاکستان کے درمیان تعاون کی نمائش ہوگی۔ 2 روزہ لاہور سائنس میلہ 25 اکتوبر ہفتہ کریسنٹ ماڈل ہائر سیکنڈری سکول میں شروع ہو کر 26 اکتوبر اتوار اختتام پذیر ہو گا۔ میلے کا انعقاد خوارزمی سائنس سوسائٹی کے زیر اہتمام ہورہا ہے۔








