خوردنی تیل کی درآمدات پر انحصار کم کرنے کے لیے مؤثر پالیسی اپنانے کی ضرورت ہے ،جام کمال خان

106
Jam Kamal Khan

اسلام آباد۔3دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ خوردنی تیل کی مقامی پیداوار بڑھانے کے لیے پائلٹ منصوبے ضروری ہیں،خوردنی تیل کی درآمدات پر انحصار کم کرنے کے لیے مؤثر پالیسی اپنانے کی ضرورت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں پاکستان وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات میں کیا ۔وفاقی وزیر تجارت نے وفد کو خوردنی تیل کی پالیسی کے لیے تجاویز دو سے تین دن میں جمع کرانے کی ہدایت کی۔ وزیر تجارت نے وفد کو انڈونیشیا اور ملائیشیا کے ساتھ ڈیوٹی میں کمی کے لئے مذاکرات کی یقین دہانی کرائی۔

جام کمال خان نے کہا کہ چاول کی بھوسی سے تیل نکالنے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے،خوردنی تیل کے شعبے کو مضبوط کرنے کے لیے حکومت بھرپور تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ خوردنی تیل کی درآمدات میں استحکام کے لیے جامع اقدامات کیے جائیں گے، خوردنی تیل کی صنعت کو درپیش چیلنجز پر حکومت توجہ دے رہی ہے۔وزیر تجارت نے پی وی ایم اے کو عالمی مارکیٹ میں پاکستانی مصنوعات کی برآمد بڑھانے کی یقین دہانی بھی کرائی۔