پشاور۔ 28 جنوری (اے پی پی):چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے محکمہ لائیو سٹاک، فشریز اور کوآپریٹو ایم پی اے شیر علی آفریدی کی زیر صدارت اسمبلی کانفرنس روم میں کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمیٹی کے معزز ممبران ارباب محمد عثمان، عبدالمنعیم خان، طارق سعید، اور متعلقہ محکموں کے حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں مختلف اہم امور زیر بحث آئے، جن میں سوات میں زیر تعمیر لائیو سٹاک یونیورسٹی کے تعمیراتی کام کی پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکا نے تعمیراتی کام میں درپیش چیلنجز اور ان کے ممکنہ حل پر غور کیا اور اس منصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے پر زور دیا۔چارسدہ میں موجود بریڈنگ فارم کی کارکردگی اور وہاں پیداوار کے حوالے سے مسائل کو بھی اجلاس میں اٹھایا گیا۔
ان مسائل کو حل کرنے کے لیے مختلف تجاویز پیش کی گئیں اور محکمہ جات کو ہدایت دی گئی کہ ان پر فوری عمل درآمد کیا جائے۔اجلاس کے دوران فشریز اور ریسرچ ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر چیئرمین شیر علی آفریدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی اور متعلقہ محکمے مل کر ان شعبوں کو ترقی دیں گے اور انہیں ایک منافع بخش انڈسٹری میں تبدیل کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کمیٹی ان محکموں کے اندرونی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی اور ان کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ لائیو سٹاک اور فشریز ڈیپارٹمنٹ کو ایک مثالی اور خود کفیل ادارہ بنایا جائے گا، جو نہ صرف صوبے کے لیے ایک اہم ریونیو جنریشن کا ذریعہ بنے گا بلکہ دیگر محکموں کے لیے بھی ایک بہترین مثال ثابت ہوگا۔اجلاس کے اختتام پر چیئرمین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یہ شعبے نہ صرف صوبے کی معیشت کو مضبوط کریں گے بلکہ ان کی ترقی سے عوام کو بھی بھرپور فوائد حاصل ہوں گے۔