خیبرپختونخواٹورازم اتھارٹی کے زیراہتمام طالبات اور فیمیلز کا شنکیاری ٹی گارڈن کا دورہ

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے سیاحت و ثقافت ملک عدیل اقبال کی ہدایات پر خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کے زیراہتمام ایگری ٹورازم کے فروغ کیلئے نیشنل ٹی اینڈ ہائی ویلیو کراپس (این ٹی ایچ آر آئی) شنکیاری ٹی گارڈن، ریسرچ سنٹر شنکیاری اور عجائب گھر ہزارہ یونیورسٹی کا ایک روزہ سیاحتی و تعلیمی دورہ منعقد کیا گیا۔

پشاور۔ 09 جولائی (اے پی پی):وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے سیاحت و ثقافت ملک عدیل اقبال کی ہدایات پر خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کے زیراہتمام ایگری ٹورازم کے فروغ کیلئے نیشنل ٹی اینڈ ہائی ویلیو کراپس (این ٹی ایچ آر آئی) شنکیاری ٹی گارڈن، ریسرچ سنٹر شنکیاری اور عجائب گھر ہزارہ یونیورسٹی کا ایک روزہ سیاحتی و تعلیمی دورہ منعقد کیا گیا۔محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا تر جمان کے مطابق اس دورے میں مختلف تعلیمی اداروں کی طالبات، فیملیز اور سیاحت سے دلچسپی رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

شرکا کو شنکیاری ٹی گارڈن مانسہرہ میں قائم چائے کے وسیع باغات، تحقیق، چائے کی کاشت، پراسیسنگ اور پیکنگ کے مختلف مراحل سے عملی طور پر آگاہ کیا گیا جبکہ ماہرین نے پاکستان میں چائے کی مقامی پیداوار، اس کی معاشی اہمیت اور زرعی شعبے میں اس کے روشن امکانات پر بھی تفصیلی بریفنگ دی۔دورے کے دوران شرکا نے ہزارہ یونیورسٹی کے عجائب گھر کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں خطہ ہزارہ کی قدیم تہذیب، ثقافتی ورثے، آثارِ قدیمہ اور تاریخی نوادرات سے متعارف کرایا گیا۔ بعد ازاں شرکا نے خوبصورت سیرن وادی کی قدرتی دلکشی سے لطف اندوز ہوتے ہوئے مقامی ثقافت، روایتی طرزِ زندگی اور قدرتی حسن کا مشاہدہ کیا۔

سیاحوں نے پاکستان کے سب سے بڑے چائے کے باغات میں سیر و تفریح کے ساتھ مقامی سطح پر تیار کی جانے والی چائے، قہوہ، شہد اور دیگر زرعی و دستکاری مصنوعات کی خریداری بھی کی۔اس موقع پر شرکا نے خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کے اس منفرد اقدام کو بے حد سراہتے ہوئے کہا کہ ایگری ٹورازم جیسے پروگرام نہ صرف نوجوان نسل کو زرعی شعبے کی اہمیت اور جدید تحقیق سے روشناس کراتے ہیں بلکہ انہیں قدرتی وسائل کے تحفظ، ماحول دوست سیاحت اور مقامی ثقافت سے بھی جوڑتے ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی ایسے تعلیمی و تفریحی دوروں کا انعقاد جاری رکھا جائے گا تاکہ نوجوانوں میں سیاحت، زراعت اور قدرتی ورثے کے حوالے سے شعور بیدار ہو اور صوبہ خیبرپختونخوا کے نئے سیاحتی و زرعی مقامات کو قومی و بین الاقوامی سطح پر مؤثر انداز میں متعارف کرایا جا سکے۔