اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):وزیرمملکت تخفیف غربت وسماجی تحفظ فیصل کریم کنڈی نے کہاہے کہ خیبرپختونخوا میں امن وامان کی گھمبیرصورتحال کی ذمہ داری تحریک انصاف کی صوبائی حکومت پرعائد ہوتی ہے، خیبرپختونخوا کی پولیس بنی گالہ کے محل ،پنجاب اور اسلام آباد میں پی ٹی آئی رہنمائوں کی سیکورٹی پرتعینات ہے جبکہ صوبہ میں امن وامان کی صورتحال خراب ہوتی جارہی ہے ۔انہوں نے یہ بات ہفتہ کویہاں پریس کانفرنس میں کہی ۔
فیصل کریم کنڈی نے پریس کانفرنس کے آغاز میں اسلام آباد میں خودکش حملہ کو ناکام بنانے پر اسلام آباد پولیس کے اہلکار کو خراج تحسین پیش کیا اورکہاکہ جس طریقے سے اسلام آباد پولیس کے جوان نے سانحہ رونما ہونے سے بچایا اس پرپوری قوم شہید جوان کو خراج تحسین پیش کرتی ہے ۔وزیرمملکت نے کہاکہ صوبہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی نو سال سے اقتدار میں ہے، چند دن پہلے بنوں میں دہشت گردی کاواقعہ پیش آیا، کیا صوبہ کا وزیراعلی بنوں گئے اورمعلومات حاصل کیں کہ وہاں پر کیا صورتحال ہے، کیا انہوں نے دہشت گردی کے خلاف صف آرا جوانوں کے سروں پرہاتھ رکھا ہے ، ہم اگر جوانوں کے سروں پرہاتھ نہیں رکھیں گے تو آگے کیسے بڑھیں گے،
انہوں نے کہاکہ 2008 میں صوبہ کی مخلوط حکومت نے دہشت گردی کے خلاف اورامن وامان کے قیام کیلئے کوششیں شروع کیں اورصوبہ وملک میں امن قائم کیا ، آج وہاں پر امن وامان کی جو صورتحال ہے وہ صوبائی حکومت کی ناکامی ہے اور انہیں مستعفی ہونا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ صوبائی پولیس بنی گالہ محل ،پنجاب و اسلام آباد میں پی ٹی ائی کے رہنمائوں کوسیکورٹی پرتعینات ہیں ۔ وزیرمملکت نے کہاکہ جب گزشتہ سال افغانستان میں صورتحال تبدیل ہوئی توپی پی پی کی سینٹرل ایگزیکٹوکمیٹی نے تحفظات کااظہارکیاتھا، آج افغانستان میں خواتین کی تعلیم پرپابندی لگ چکی ہے، افغانستان کی صورتحال کے اثرات خیبرپختونخوا اوراسلام آباد تک آچکے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ نااہل صوبائی حکومت کے پاس تنخواہیں دینے کیلئے پیسے نہیں ہیں ، وزیراعلی نے مرکز سے احتجاج کی بات کی ہے ، پی ٹی آئی کے مرکز میں حکومت کے وقت وہ چار سال تک گونگے تھے ، ان چاربرسوں میں وہ اسلام آباد آتے مشترکہ مفادات کے اجلاس میں صوبہ کے حوالہ سے اف تک نہ کر تے کیونکہ اگر وہ کوئی مطالبہ کرتے توان کی نوکری کوخطرہ ہونا تھا، ان نااہلوں کے پاس اب تنخواہوں کے پیسے نہیں ہیں۔ صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ کے ہیلی کاپٹر کے استعمال کیلئے بل بھی پاس کیاہے،یہ ہیلی وزیرستان سے زخمیوں کی منتقلی کیلئے استعمال نہیں ہوسکتا مگر عمران خان کی عیاشیوں کیلئے دستیاب ہوتا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان نے جمعہ تک اسمبلیاں تحلیل کرنے کااعلان کیاتھا ،،ہم نے پنجاب اسمبلی میں عدم اعتماد کی تحریک جمع کرائی ہے، یقین ہے کہ اس کوجمہوری طریقے سے کامیاب کریں گے۔خیبرپختونخوا میں توان کا اپنا وزیراعلیٰ ہے وہاں اسمبلی تحلیل کیوں نہیں ہوتی۔استعفوں کے حوالے سے تحریک انصاف کو قومی اسمبلی میں اپنے ارکان کوسپیکر کے سامنے پیش کرنا چاہئیے، اگرانہیں الیکشن کاشوق ہے تووہ پورا کرتے ہیں، جوسیٹیں چھوڑیں گے اس پر الیکشن کریں۔
فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ عمران سرٹیفائیڈ جھوٹے ہیں،حال ہی میں انہوں نے وزیرخارجہ چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کے بیرون ملک دوروں پر پردو ارب روپے اخراجات کا الزام لگایا، اگر اس حوالہ سے کوئی ثبوت ہے توسامنے لائے ،عمران خان نے دوست ممالک اورخارجہ سطح پر ملک کا جو نقصان کیاتھا بلاول بھٹو زرداری انہیں درست کررہے ہیں ۔ ہمارے پاس عمران خان کے حوالہ سے کافی ثبوت ہے مگرپارٹی نے منع کیا ہے ، عمران خان کے کرتوت دنیا دیکھ اورسن رہی ہے، ہم ذاتی معاملات پر بات نہیں کرتے ۔
بطوروزیراعظم وہ امریکا میں جاکر سفیر کے گھرپر رہے اورسفارتی استثنیٰ لیا کیونکہ ان کے کرتوت ایسے تھے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان نے سیلاب زدگان کیلئے 15 ارب روپے جمع کرنے کا اعلان کیاتھا ، وہ پیسے کہاں گئے ، یہ پیسے عوام کی امانت ہے اوراسے عوام پرخرچ کرنا چاہیے۔تحریک انصاف کے رہنما اب قوم اورمیڈیا کاسامنا نہیں کرسکتے۔ وزیرمملکت نے کرسمس کے موقع پرمسیحی برادری کومبارکباد بھی دی ۔