خیبرپختونخوا میں دہشت گردی سے متاثرہ عوام اور آئی ڈی پیز کے ساتھ مکمل ہمدردی ہے،امن و امان سیاست سے بالاتر قومی مسئلہ ہے، تمام جماعتوں کو مل کر اس کاحل نکالنا ہوگا،انجینئر امیر مقام

اسلام آباد۔27جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان اور سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی سے متاثرہ عوام اور آئی ڈی پیز کے ساتھ مکمل ہمدردی ہے،امن و امان سیاست سے بالاتر قومی مسئلہ ہے، تمام جماعتوں کو مل کر اس کاحل نکالنا ہوگا،امن ہوگا تو سیاست، معیشت اور ترقی سب ممکن ہوگی،یاسین ملک کیس کے حوالے سے حکومت ہر سطح …

اسلام آباد۔27جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان اور سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی سے متاثرہ عوام اور آئی ڈی پیز کے ساتھ مکمل ہمدردی ہے،امن و امان سیاست سے بالاتر قومی مسئلہ ہے، تمام جماعتوں کو مل کر اس کاحل نکالنا ہوگا،امن ہوگا تو سیاست، معیشت اور ترقی سب ممکن ہوگی،یاسین ملک کیس کے حوالے سے حکومت ہر سطح کے تعاون کیلئے تیار ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر مردان سے تعلق رکھنے والے محمد جمال ناصر نے مسلم لیگ (ن)میں باضابط طور پر شمولیت کا اعلان کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، اے پی ایس جیسے سانحات ناقابل فراموش ہیں،کے پی میں دہشت گردی سے متاثرہ عوام اور آئی ڈی پیز کے ساتھ مکمل ہمدردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صحت کارڈ اور فلاحی منصوبوں میں شفافیت نہ ہونے پر عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے،آپریشن ہو یا مذاکرات، فیصلہ عوامی جان و مال کے تحفظ کو سامنے رکھ کر ہونا چاہیے،اداروں کو بدنام کرنے سے نقصان صرف پاکستان کا ہوتا ہے،بلیم گیم بند ہونی چاہیے،امن ہوگا تو سیاست، معیشت اور ترقی سب ممکن ہوگی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کا عالمی تشخص بہتر ہو رہا ہے، جنوبی افریقہ میں پاکستان کے موقف کو سراہا گیا،کشمیر ایشو پر پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر پذیرائی ملی جوپاکستان کی کسی فرد نہیں پوری قوم کی مشترکہ کامیابی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان، طلبہ اور اوورسیز پاکستانی مثبت قیادت کی تلاش میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کا نواز شریف کی قیادت پر اعتماد ہے اور مسلم لیگ (ن) میں شمولیتوں کا سلسلہ جاری ہے ،آج ایک اور اہم سیاسی شخصیت نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا جو پارٹی پر اعتماد کا مظہر ہے۔انہوں نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر بھرپور انداز میں منایا جایا جائے،ہر صوبے میں وزیر اعلیٰ یکجہتی کشمیر ریلی کو لیڈ کرے گا،آزاد کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے حوالے سے اتفاق ہوگیا ہے،یاسین ملک کیس کے حوالے سے حکومت ہر سطح کے تعاون کیلئے تیار ہے۔

اس موقع پرناصر جمال نے باضابطہ طور پر مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا اور میڈیا سےگفتگو کے دوران انہوں نے ضلعی قیادت اور پارٹی کارکنان سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی میں 15 سالہ سیاسی سفر قابل فخر رہا، اے این پی نے بطور ورکر اور سٹوڈنٹ لیڈر مجھے عزت اور مواقع دیئے، اس وقت کو یاد رکھوں گا۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا گزشتہ 13 سال سے بدامنی اور بدانتظامی کا شکار ہے،نوجوان مایوسی، فرسٹریشن اور ڈپریشن کا شکار ہو رہے ہیں،پنجاب اور خیبرپختونخوا میں ترقی کا فرق احساسِ محرومی کو جنم دے رہا ہے،ہم سب پاکستانی ہیں، تفریق ملک کے لیے خطرناک ہے۔

محمد جمال ناصر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا انتخاب ملکی یکجہتی کے لیے کیا۔انہوں نے کہا کہ انجینئر امیر مقام نے خیبرپختونخوا کے لیے عملی جدوجہد کی،سوئی گیس منصوبہ مسلم لیگ (ن) کی کوششوں سے منظور ہوا،پی ٹی آئی دور حکومت میں ترقیاتی کام رک گئے ہیں،علاقے کے نمائندے اسمبلی اور حلقے میں دوہرا موقف اپناتے رہے،آبادی بڑھ رہی ہے مسائل کم نہیں ہو رہے، نوجوانوں کو وہی مواقع ملنے چاہئیں جو پنجاب میں دستیاب ہیں،لیپ ٹاپ سکیم بحال کر کے نوجوانوں میں احساس محرومی کم کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نوجوانوں کے لیے مسلسل آواز اٹھا رہے ہیں۔واضح رہے کہ محمد جمال ناصر کا تعلق مردان سے ہے اور این پی میں اہم عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں،محمد جمال ناصر صوبائی اسمبلی کا الیکشن بھی لڑ چکے ہیں۔

اس موقع پر صوبائی سینئر نائب صدر نسیم محمد خان لوندخوڑ ، ضلعی صدر عنائت باچہ ، جنرل سیکرٹری جمشید مہمند ، سابق قومی اسمبلی کے امیدوار جلال خٹک ، صوبائی جنرل سیکرٹری ایم ایس ایف عابد یوسفزئی ، صوبائی صدر ایم ایس ایف ملک منصف خلیل ، ایم این اے ثمر ہارون بلور، یوتھ میڈیا ٹیم کے مرکزی صدر خادم علی یوسفزئی ، و یمن ونگ کے نائب صدر نازیہ شاہ حاجی خان اکبر آفریدی

،سوشل میڈیا عالمگیر شاہ ، شیر زمان ٹکر ، سابق ایم پی اے رحیم خان باچہ ، امین اللہ خان ، ملک بشیر خان ، حاجی عبدالسلام ، ناظم لوند خوڑ نیاز حسین ،فخر الزماں ، طارق خان ، سراج سکندر ، سیف اللہ کوثر ، سیاست خان ، تاج غنی ایڈوکیٹ ، ملک قیصر خیات، حاجی جوہر صراف،ڈسٹرکٹ ملاکنڈ کے صدر سجاد خان ملاکنڈ ، جمال مہمند چیئرمین ، فاروق مست خیل ، میاں عبدالرحمان ، حامد صافی ، پرنسپل منتظر خان ، کلچر ونگ کے صوبائی صدر ظاہر شاہ ، سدھیرخان ، حاجی عبدالسلام بھی موجود تھے۔