پشاور۔ 14 اپریل (اے پی پی):خیبرپختونخوا میں سورج آگ برسانے لگا، آج سے گرمی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔محکمہ موسمیات کی رپورٹ میں موسم خشک رہنے کا کہا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور میں مطلع صاف اور موسم خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ہے ۔
اس کے ساتھ ساتھ ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد تک ہے جبکہ دوپہر اور رات کو گرد آلود ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔محکمہ موسمیات کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈی آئی خان اور بنوں میں ہیٹ ویو کا خدشہ ہے، ڈی آئی خان میں درجہ حرارت 40 جبکہ بنوں میں 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنےکا امکان ہے۔ شہریوں کو خصوصی حفاظتی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی گئی ہے۔