پشاور۔ 10 دسمبر (اے پی پی):خیبرپختونخوا پولیس نے صوبے کے تمام ریجنز میں قائم پولیس ایکسس سروس میں پچھلے گیارہ مہینوں کے کارکردگی رپورٹ جاری کردی۔جاری رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا پولیس نے صوبے کے تمام ریجنز میں میں قائم پولیس ایکسس سروس میں پچھلے گیارہ مہینوں کے دوران مجموعی طور پر 5533 شکایات موصول ہوئیں، جن میں 4146 شکایات کا ازالہ کیا گیاجبکہ بقایا شکایات پرکارروائی جاری ہے جن میں بعض شکایات کی نوعیت سول مقدمات اور بعض کا تعلق دوسرے محکموں سے ہے۔
رپورٹ کے مطابق پچھلے گیارہ مہینوں میں پشاور میں مجموعی طور پر2315 شکایات موصول ہوئیں جن میں 1559 شکایات کا ازالہ کیا گیا۔ مردان ریجن میں 1164 شکایات موصول ہوئیں جن میں 1052 حل کئے گئے۔ ملاکنڈ ریجن میں 280 شکایات موصول ہوئیں جن میں 217 شکایات حل کی گئیں۔ ہزارہ ریجن میں 734 شکایات موصول ہوئیں جن میں 478 شکایات کا ازالہ کیا گیا۔کوہاٹ ریجن میں 487 شکایات موصول ہوئیں جن میں 415 شکایات کا ازالہ کیا گیا۔ بنوں ریجن میں 352شکایات موصول ہوئیں جن میں 287 شکایات حل ہوئیں۔
اسی طرح ڈی آئی خان ریجن میں 201 شکایات میں سے 138 شکایات کا ازالہ کیا جا چکا ہے۔رپورٹ کے مطابق محکمہ پولیس میں پولیس ایکسس سروس صوبے کے تمام اضلاع میں سرگرم عمل ہے،پولیس ایکسس سروس میں انسپکٹر جنرل آف پولیس اختر حیات خان کی ہدایت پر شکایت و پیغام پہنچانے کے وہ تمام طریقے اور ذرائع ممکن بنا دئیے گئے ہیں جن کے ذریعے صوبے کے کونے کونے سے شکایات کنندگان کی شکایات بہ آسانی وصول کی جاسکتی ہیں،
صوبے کے تمام عوام اب ایس ایم ایس ، فیکس ، ای میل، ٹیلی فون(پولیس ٹو ویکٹم سروس)، آن لائن ایف آئی آر ، ڈاک اینڈرائیڈ اپلی کیشنز اور پیغام رسانی کے دیگر ذرائع یا بذات خود جا کر پولیس ایکسس سروس میں اپنی شکایات درج کرا سکتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق تمام پولیس ایکسس سروس سنٹرز کمپیوٹرائزڈ ٹائم لائن، مانیٹرنگ نظام سے لیس ہیں جو کہ شکایات کا مقررہ وقت میں ازالہ یقینی بناتا ہے۔
اور سب کو بلا امتیاز برابر رسائی اور انصاف فراہم کرتا ہے اور یہ رسائی آسان ،تیز اور بلاواسطہ ہے اور مخصوص کوڈ ہونے کی وجہ سے کوئی بھی شکایت نظر انداز نہیں کی جاسکتی اور شکایت کا ازالہ ہونے تک آسانی سے مانیٹر کی جا سکتی ہے ،اب شکایت کنندہ کو اپنی شکایت کے ازالے کے لئے پولیس افسران کا انتظار کرنا نہیں پڑتا۔ اس نظام کے تحت متعلقہ ایس ڈی پی او چوبیس گھنٹوں کے اندر اندر متاثرہ شخص سے خود رابطہ کر کے اس کو اپنے آفس بلاتا ہے اور شکایت کنندہ سے رابطہ کے بارے میں واپس پولیس ایکس سروس نظام کو اطلاع دیتا ہے۔