خیبرپختونخوا کی نوجوان نسل کی صلاحیتوں پر فخر ہے، صحت کے شعبے میں فارماسسٹس کی خدمات نہایت اہم اور قابلِ تحسین ہیں، فیصل کریم کنڈی
خیبرپختونخوا کی نوجوان نسل کی صلاحیتوں پر فخر ہے، صحت کے شعبے میں فارماسسٹس کی خدمات نہایت اہم اور قابلِ تحسین ہیں، فیصل کریم کنڈی

مزید خبریں
پشاور۔ 25 ستمبر (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ انہیں خیبرپختونخوا کی نوجوان نسل کی صلاحیتوں پر فخر ہے، صحت کے شعبے میں فارماسسٹس کی خدمات نہایت اہم اور قابلِ تحسین ہیں، ادویات کے محفوظ اور مؤثر استعمال کو یقینی بنانا فارماسسٹس کی اہم ذمہ داری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ورلڈ فارماسسٹ ڈے کے حوالے سے پشاور میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب میں صدر پاکستان فارماسسٹس ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا بخت کرم غفور، نائب صدر ڈاکٹر عتیقہ ناز، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر فرمان اللہ، صدر ینگ فارماسسٹس کمیونٹی جنید اقبال، ڈائریکٹر جنرل ڈرگز اینڈ فارمیسی سروسز ڈاکٹر عباس، سیکرٹری فارمیسی کونسل ابراہیم اور ایسوسی ایشن کے عہدیداران اور فارماسسٹس نے شرکت کی۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے فارماسسٹس کو ان کے عالمی دن کے موقع پر مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ فارماسسٹ صحت کے نظام کا ایک اہم ستون ہیں اور صحت عامہ کی بہتری میں ان کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ گورنر نے کہا کہ دنیا میں ادویات، طبی تحقیق اور ٹیکنالوجی کے میدان میں تیزی سے جدت آ رہی ہے، جس کے ساتھ فارماسسٹس کے لیے بھی نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دور دراز علاقوں تک معیاری ادویات کی رسائی یقینی بنانا ضروری ہے جبکہ جعلی اور غیر معیاری ادویات کی حوصلہ شکنی کرنا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان ملک کا سب سے بڑا اثاثہ ہیں، طلبہ نصابی تعلیم کے ساتھ عملی علم اور جدید ٹیکنالوجی پر بھی توجہ دیں۔ پاکستانی فارماسسٹس عالمی سطح پر ملک کی پہچان بن سکتے ہیں، اس لیے ہمیں عالمی معیار کے فارماسسٹس تیار کرنا ہوں گے۔ نوجوان فارماسسٹس کے شعبے میں عالمی سطح پر پیدا ہونے والے نئے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔








