پشاور۔ 17 جنوری (اے پی پی):خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں کل سے گرج چمک کے ساتھ بارش/ اور پہاڑوں پر شدید برفباری کا امکان ہے. پرونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جانب سے جاری موسمی انتباہ کے مطابق بارشوں/برفباری کا یہ سلسلہ 18 جنوری سے 21 جنوری تک جاری رہنے کی پیشگوئی ہے۔ کل سے 21 جنوری کے دوران چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مالاکنڈ، بونیر، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، وزیرستان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، بنوں، کرک اور کوہاٹ میں گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش/ پہاڑوں پر شدید برفباری کا بھی امکان ہے۔پی ڈی ایم اے کی جانب سے تمام ضلعی انتظامیہ کو بارش/برفباری کے باعث کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے پیشگی نمٹنے کے لیے مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے ہدایت کی ہے کہ کسی بھی نا خوشگوار واقعے سے پیشگی نمٹنے کے لئے ضلعی انتظامیہ چھوٹی بڑی مشینری کی دستیابی کو یقینی بنائے۔ بارشوں کے دوران عوام بجلی کی تاروں، بوسیدہ عمارتوں و تعمیرات، سائن بورڈز اور بل بورڈز سے دور رہے۔ کسان حضرات موسمیاتی پیش گوئی کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنے معمولات ترتیب دیں۔مراسلہ میں حساس بالائی علاقوں میں سیاحوں اور مقامی آبادی کو موسمی حالات سے باخبر رہنے کے لیے احتیاتی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ حساس اضلاع میں ضلعی انتظامیہ مقامی آبادی تک پیغامات مقامی زبانوں میں پہنچائیں، کسی بھی ہنگامی صورتحال میں تمام متعلقہ ادارے روڈ لنکس کی بحالی میں چوکس رہیں
اور سڑک کی بندش کی صورت میں ٹریفک کے لئے متبادل راستے فراہم کئے جائیں، سیاح موسمی صورتحال اور سڑکوں کی بندش کے پیش نظر سیاحتی مقامات کا رخ کرنے سے پہلے پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن پر رابطہ کریں، پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے عوام کسی بھی نا خوشگوار واقعے کی اطلاع پی ڈی ایم اے کی فری ہیلپ لائن 1700 پر دیں۔