پشاور۔ 15 جون (اے پی پی):خیبرپختونخوا کے وزیر بلدیات، انتخابات و دیہی ترقی ارشد ایوب خان نے ہفتہ کے روز اپنے دو روزہ دورہ ہزارہ ڈویژن کے پہلے روز تحصیل مانسہرہ، ایبٹ آباد اور حویلیاں میں قائم مختلف مال مویشی منڈیوں کا دورہ کیا اور منڈیوں میں موجود دیگر سہولیات کے علاوہ عوام کے لیے پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔
اُنہوں نے اس موقع پر بلدیات کے اعلیٰ حکام کو ہدایات دیں کہ عید کے موقع پر قربانی کی الائشوں کو ہر صورت ڈھانپ دیا جائے۔ شہروں اور دیہات میں کسی قسم کی گندگی برداشت نہیں کی جائے گی۔صوبائی وزیر بلدیات ارشد ایوب خان نے ٹی ایم اے مانسہرہ، ٹی ایم اے ایبٹ آباد اور حویلیاں کے دفاتر کا بھی دورہ کیا اور ہزارہ ڈویژن کے تمام ٹی ایم اوز کی عید کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے اُنھیں عید کے موقع پر اپنی حاضری یقینی بنا نے اور اس سلسلے میں انہیں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ صوبائی وزیر بلدیات نے ریجنل مونسپل آفیسر ہزارہ کو ہر مہینے ہزارہ ڈویژن کے تمام ٹی ایم اوز کے دفاتر کا دورہ کرنے اور اُن کی کارکردگی رپورٹ انہیں پیش کرنے کی ہدایات دیں۔ اُنہوں نے ہزارہ ڈویژن میں ٹی ایم اوز کے زیرِ استعمال گاڑیوں میں ٹریکنگ سسٹم لگانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی اور کسی قسم کی کرپشن برداشت نہیں کی جائے گی۔ ریجنل میونسپل آفیسر سجاد حیدر، سیکرٹری لوکل کونسل بورٖڈ، ٹی ایم اوز مانسہرہ، ایبٹ آباد اور حویلیاں، میئر ایبٹ آباد شجاع نبی کے علاوہ پی ٹی آئی کے رہنما کمال سلیم سواتی بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ تھے۔
صوبائی وزیر بلدیات ارشد ایوب خان نے اس موقع پر کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ مویشی منڈیوں میں عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں۔انھوں نے پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے تحت ایبٹ آباد میں مستقلاً مویشی منڈی کے انعقاد کی ہدایت کی۔ اُنہوں نے مانسہرہ اور حویلیاں مویشی منڈی میں پینے کے صاف پانی کے لیے مزید دو سپاٹس بنانے، جانوروں کے لیے مزید دو شیلٹرز بنانے اور ہر شلٹر میں جانوروں کے واش حوض بنانے جبکہ مویشی منڈی میں دن میں تین مرتبہ پانی کے چھڑکاؤ کی ہدایات بھی جاری کیں۔ارشد ایوب خان نے مزید ہدایت کی کہ ٹی ایم اے کی پراپرٹی کو مارکیٹ ریٹ پر رینٹ کیا جائے گا اور واساایبٹ آباد کو سولر انرجی پر کنورٹ کرکے بجلی کی بچت کی جائے گی۔