پشاور۔ 10 جنوری (اے پی پی):خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کےا یم یو) انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ اینڈ سوشل سائنسز (آئی پی ایچ انڈ ایس ایس )نے اپنے ماسٹر آف پبلک ہیلتھ پروگرام کے ڈھانچے میں اصلاحات کا اعلان کردیا۔ اس فیصلے کو جامع مشاورت کے بعد حتمی شکل دی گئی جس میں اساتذہ، پوسٹ گریجویٹ طلبہ اور یونیورسٹی کی قیادت نے شرکت کی۔ نیا ماڈیولر فارمیٹ اب مارننگ، ایوننگ اور آن لائن کلاسز کے آپشنز کے ساتھ پیش کیا جائے گا تاکہ طلبہ کو زیادہ لچک اور سہولت فراہم کی جا سکے۔ یاد رہے کہ یہ جدید طریقہ کار برطانیہ سمیت بین الاقوامی تعلیمی معیارات سے ہم آہنگ ہے اور پاکستان میں پبلک ہیلتھ تعلیم میں کے ایم یو کو ایک رہنما ادارہ بناتا ہے۔ یہ فیصلہ وائس چانسلر اور ڈین آئی پی ایچ اینڈ ایس ایس پروفیسر ڈاکٹر ضیا ء الحق کی زیر صدارت ہونے والے ایک اہم اجلاس میں کیاگیا۔ اجلاس میں ڈاکٹر خالد رحمان ڈائریکٹر آئی پی ایچ اینڈ ایس ایس،پروفیسر ڈاکٹر ظلِ ہما ڈائریکٹر اکیڈمکس،ڈاکٹر شائستہ رسول ہیڈ آف پبلک ہیلتھ،ڈاکٹر ماریہ اسحاق خٹک ہیڈ آف ڈینٹل پبلک ہیلتھ اور ڈاکٹر شیراز فاضدہیڈ آف ایپیڈیمولوجی اینڈ بایو اسٹیٹسٹکس سمیت دیگر اساتذہ اور طلبہ نے شرکت کی۔ نیا ایم پی ایچ پروگرام طلبہ کو مختلف آپشنز فراہم کرے گاجس میں صبح، شام اور آن لائن کلاسز شامل ہیں جس کا مقصد کام کرنے والے پیشہ ور افراد سمیت مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو سہولت فراہم کرنا ہے۔ واضح رہے کہ ماڈیولر فارمیٹ عالمی تعلیمی معیارات کے مطابق ہےجو نظریاتی علم اور عملی اطلاق کے درمیان توازن پیدا کرنے والے جامع اور بھرپور تعلیمی سیشنز پر زور دیتا ہے۔ یہ ڈھانچہ طلبہ کی بدلتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے تعلیمی، پیشہ ورانہ، اور ذاتی زندگی کے توازن کو بہتر بنانے میں مدد فراہم کرے گا۔
وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے اس فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا: "ماڈیولر رابطہ سیشنز کا تعارف اور لچکدار تعلیمی آپشنز بین الاقوامی معیار کے مطابق ایک اہم قدم ہے اور ہمارے طلبہ کے لیے زیادہ سہولت فراہم کرے گا۔”جدید ایم پی ایچ پروگرام آئندہ تعلیمی سیشن سے نافذالعمل ہوگا، جو پاکستان میں جدت انگیز تعلیم کے فروغ کے لیے کے ایم یو کے عزم کا مظہر ہے اور پبلک ہیلتھ ایجوکیشن میں اعلیٰ معیار کو یقینی بنانے کے عزم کو مضبوط کرتا ہے۔