راولپنڈی ۔27مئی (اے پی پی):خیبر پختونخوا میں دہشت گردوں کے ساتھ مقابلے کے دوران شہید ہونے والے پا ک فوج کے جوانوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ، پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے بھی شرکت کی ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والےشہید سپاہی تیمور (عمر 32 سال، ضلع لیہ کے رہائشی)، شہید سپاہی نادر صغیر (عمر 22 سال، ضلع باغ کے رہائشی)، شہید سپاہی محمد یاسین (عمر 23 سال،
ضلع خوشاب کے رہائشی)، شہید لانس نائیک سید دانش افکار (عمر 30 سال، ضلع پوچھ کے رہائشی) اور شہید نائیک اشفاق بٹ (عمر 32 سال، ضلع کہوٹہ کے رہائشی) کی نماز جنازہ پیر کو پشاور گارڈن میں ان کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔نماز جنازہ میں شرکت کے بعد آرمی چیف نے آپریشن کے دوران زخمی ہونے والے جوانوں کی عیادت کے لیے سی ایم ایچ پشاور کا دورہ کیا۔
آرمی چیف نے ان کے بلند حوصلے کی تعریف کی اور دہشت گردی کے خلاف پوری قوت اور جذبے کے ساتھ لڑنے کے قومی عزم کا اعادہ کیا۔شہداء کو ان کے آبائی شہروں میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔اس سے قبل آمد پر چیف آف آرمی سٹاف کا پشاور کور کمانڈر نے استقبال کیا۔