‏خیبر پختونخوا اور پنجاب میں گزشتہ روز طوفانی بارشوں سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرا دکھ اور رنج ہواہے،وزیر اعظم محمد شہبازشریف

117

اسلام آباد۔11جون (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ‏خیبر پختونخوا اور پنجاب میں گزشتہ روز طوفانی بارشوں سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرا دکھ اور رنج ہواہے،ریسکیو ادارے اور امدادی ٹیمیں لوگوں کی مدد کے لئے مصروف عمل ہیں۔

اتوار کواپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہاکہ بلا شبہ یہ ماحولیاتی تبدیلی کے مضر اثرات ہی ہیں جن کی بدولت کہیں غیر معمولی ژالہ باری، کہیں برفانی تودے تو کہیں بے وقت بارشوں سے تباہی برپا ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے نہ صرف جانی و مالی نقصان ہو رہا ہے بلکہ زراعت اور معیشت بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔

پاکستان ان ممالک میں سے ایک ہے جو ماحولیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔ پوری دنیا اس وقت ماحولیاتی تبدیلی کے مضر اثرات کی لپیٹ میں ہے۔ اس سے نبردآزما ہونے اور اپنی آئندہ نسلوں کے مستقبل کی بقاء کیلئے ہم سب کو مل کر اس کیلئے سنجیدگی سے ٹھوس اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔