مانسہرہ ۔ 22 جنوری (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا تجربہ گاہ نہیں، اپنے مستقبل کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کرنا ہے. مریم نواز نے مانسہرہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف مانسہرہ ،ہزارہ سے محبت کرتے ہیں اور عوام ان سے محبت کرتے ہیں، میاں نواز شریف نے 10 سال بعد الیکشن لڑنے کا انتخاب مانسہرہ سے کیا، حالانکہ انہیں ملک کے دیگر حصوں سے بھی الیکشن لڑنے کا مشورہ دیا گیا۔مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف نے کیپٹن( ر )محمد صفدر کو آپ لوگوں کی خدمت کے لئے وقف کر دیا ہے اور انہوں نے آپ کی خدمت میں دن رات ایک کیا ہے.
مریم نواز نے کہا کہ خیبرپختونخوا تجربہ گاہ نہیں کہ کوئی آئے اور تجربہ کر کے چلا جائے، یہ جیتے جاگتے لوگوں کا صوبہ ہے. انہوں نے کہا کہ 50 لاکھ گھر اور ایک ارب درخت لگانے کا جھوٹ بولا اور پہلے والے درخت بھی اکھاڑ کر چلے گئے، سارا پیسہ ان کی جیب میں گیا۔. مریم نواز نے کہا کہ اچھے ہسپتال، کالج، یونیورسٹی، اچھی تعلیم گرین لائن اور اورنج لائن خیبرپختونخوا کے عوام کا حق ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں 10 سال مخالف حکومت تھی، انہوں نے مشکل سے پشاور میٹرو بنائی، شہباز شریف نے اس قیمت میں 5 میٹرو بنائیں، پشاور میٹرو چلتی کم جلتی زیادہ ہے۔ہزارہ موٹروے جو نواز شریف نے بنائی اس کے علاوہ کوئی قابل ذکر منصوبہ ہو تو بتائیں۔ وہ سیاست کو چھوڑ کر ذاتیات پر اتر آئے تھےمریم نواز نے کہا کہ آپ نے اپنے مستقبل کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کرنا ہے، اپنا مستقبل غلط ہاتھوں میں نہیں دینا۔