ایبٹ آباد۔ 21 اکتوبر (اے پی پی):محکمہ موسمیات نے ہزارہ ڈویژن سمیت خیبر پختونخوا میں جمعے کی شام سے بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، بارشوں کا سلسلہ اتوار تک جاری رہنے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ اور کوہستان میں بارش کا امکان ہے جبکہ شانگلہ، بونیر، صوابی اور مردان میں بھی بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق نوشہرہ، پشاور، چارسدہ، باجوڑ، کرم، وزیرستان اور کوہاٹ میں تیز بارشوں امکان ہے، پہاڑی علاقوں میں برف باری کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے خیبر پختونخوا نے ضلعی انتظامیہ کو مراسلہ جاری کر دیا ہے جس کے مطابق تیز بارشوں کے پیشِ نظر ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات کرنے اور الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ ترجمان پی ڈی ایم اے تیمور علی کا کہنا ہے کہ سیاح دورانِ سفر خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور موسمی صورت حال سے باخبر رہیں، پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل فعال ہے، عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعےکی اطلاع ہیلپ لائن 1700 پر دیں۔