خیبر پختونخوا میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، حادثات میں 61 افراد جاں بحق، 102 زخمی

159

پشاور۔ 09 اگست (اے پی پی):خیبر پختونخوا میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی مختلف حادثات میں 61 افراد جاں بحق اور 102 زخمی ہوگئے۔پی ڈی ایم اے نے خیبر پختونخوا میں حالیہ بارشوں کے حوالے سے اپنی رپورٹ جاری کر دی ہے جس کے مطابق یکم جولائی سے اب تک صوبے کے مختلف اضلاع میں بارشوں کے باعث حادثات کے نتیجے میں 61 افراد جاں بحق اور 102 زخمی ہوئے ہیں جبکہ 704 گھروں کو نقصان پہنچا۔جاں بحق افراد میں 22 مرد، 12 خواتین اور 27 بچے جبکہ زخمیوں میں 36 مرد ،26 خواتین اور 40 بچے شامل ہیں۔

بارش کے باعث مجموعی طور پر 704 گھروں کو نقصان پہنچا جس میں 501 گھروں کو جزوی جبکہ 203 گھروں کو مکمل نقصان پہنچا۔تیز بارشوں کے باعث جانی و مالی حادثات سے صوبے کے جو اضلاع متاثر ہوئے ان میں چترال اپر و لوئر، مانسہرہ، اپر کوہستان ،ملاکنڈ، دیر لوئر، شمالی و جنوبی وزیرستان، ٹانک، کرک ، چارسدہ، مردان ، صوابی، باجوڑ، ہنگو، مہمند، بونیر اور شانگلہ شامل ہیں۔ محکمہ ریلیف کی جانب سے چترال اپر میں 30 اگست تک ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے۔