خیبر پختونخوا میں ڈینگی وائرس کی روک تھام کے لیے محکمہ صحت ہائی الرٹ ہے، مشیر صحت ڈاکٹر ریاض انور

147

پشاور۔ 30 اگست (اے پی پی):مشیر صحت، بہبود وآبادی اور لیبر ڈاکٹر ریاض انور نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں ڈینگی وائرس کی روک تھام کے لیے محکمہ صحت ہائی الرٹ ہے اور اس سلسلے میں مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی وائرس کے حوالے سے زیادہ تر کیسز پشاور، مردان میں رپورٹ ہو رہے ہیں،ڈینگی وائرس کے پھیلاؤ کے خلاف احتیاطی تدابیر کو یقینی بنانے کے لیے بروقت اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ڈاکٹر ریاض انور نے بتایا کہ پشاور میں ڈینگی کے 22، مردان میں 13، صوابی میں 9، چترال لوئر میں 7، باجوڑ میں 6، کوہاٹ میں 4، نوشہرہ میں 3، ڈیرہ اسماعیل خان میں 2، خیبر میں 2، ایبٹ آباد میں 2، دیر لوئر میں 2، بٹ گرام میں 1، تورغر 1، مانسہرہ 1، لکی مروت 1، بنوں 1اور ہنگو میں ایک مریض رپورٹ ہوا ہے۔

ڈاکٹر ریاض انور نے کہا کہ قبائلی اضلاع سمیت صوبے کے تمام اضلاع میں ڈینگی کی صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے اور محکمہ صحت کی ٹیمیں ہر ضلع میں ڈینگی لاروا کی روک تھام کے لیے اقدامات کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے تمام اضلاع سے آنے والی اطلاعات کے مطابق مریضوں کا علاج معالجہ، طبی عملہ سمیت سہولیات، ادویات فراہم کی جا رہی ہیں اور متاثرہ علاقوں میں آئی آر ایس ڈینگی سپرے بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ مشیر صحت ڈاکٹر ریاض انور نے کہا کہ ڈینگی سے متاثرہ افراد کو گھر پر بھی تمام طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔