پشاور۔ 27 فروری (اے پی پی):خیبر پختونخوا میں یتیم بچوں اور بیوہ خواتین کی مالی معاونت کےلئے روشن مستقبل کارڈ اور سہارا کارڈ پروگراموں کا اجراء کر دیا گیا۔اس سلسلے میں وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں تقریب کا انعقاد ہوا ،جس میں وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے پروگراموں کا باضابطہ اجراء کردیا۔
روشن مستقبل کارڈ کے تحت 5 سے 16 سال تک کی عمر کے یتیم بچوں کیلئے ماہانہ 5000 روپے مقرر کیا گیا تھا،تقریب میں وزیراعلی نے یہ رقم بڑھا کر 10 ہزار روپے کرنے کا اعلان کردیا۔پروگرام کے تحت ان بچوں کو پہلی ترجیح دی جائے گی جن کے ماں باپ دونوں فوت ہوئے ہوں،اس پروگرام سے تقریباً 9000 یتیم بچے مستفید ہوں گے۔’’سہاراکارڈ‘‘ کے تحت 45 سال اور اس سے زیادہ کی عمر کی بیوہ خواتین کےلئے ماہانہ 5000 روپے مقرر کیا گیا تھا،وزیراعلی نے یہ رقم بھی بڑھا کر 10 ہزار روپے ماہانہ کرنے کا اعلان کردیا،پروگرام سے مجموعی طور پر 15 ہزار بیوہ خواتین مستفید ہوں گی،دونوں پروگراموں کے تحت مستحقین کو ہر ماہ کی پانچ تاریخ تک ان کے کارڈ کے ذریعے رقم مل جایا کرے گی۔
آئی ٹی بیسڈ سکورنگ سسٹم کے ذریعے اسکریننگ اور سلیکشن کے بعد مستحق درخواست گزاروں کو کارڈز جاری کئے جائیں گے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ معاشرے کے کمزور طبقوں کا خیال رکھنا ایک فلاحی ریاست کی اہم خاصیت ہے، ہم اسی وژن کے تحت بے سہارا طبقات کی فلاح کےلیے کوشاں ہیں
انہوں نے کہا کہ جو دوسروں کی بھلائی کا سوچتے ہیں وہ عظیم لوگ ہوتے ہیں،معاشرے کے محروم طبقات کی فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے،ہم کافی حد تک مستحق افراد کا ڈیٹا تیار کر چکے ہیں جس کے مطابق فلاحی پروگراموں کا اجراء کیا جا رہا ہے، سرکاری تعلیمی اداروں کے خصوصی طلبہ کا ڈیٹا بھی اکٹھا کر لیا گیا ہے، ان طلبہ کو جلد الیکٹرک وہیل چیئرز فراہم کر دیں گے۔انہوں نے کہا کہ روشن مستقبل کارڈ اور سہارا کارڈ بھی ہماری انہی کوششوں کا تسلسل ہیں، رمضان کے مقدس مہینے میں صاحب ثروت لوگ اپنے اردگرد گرد مستحق لوگوں کا خاص خیال رکھیں، عوام اگر زکوٰۃ اور انفاق فی سبیل اللہ کے حوالے سے اسلامی تعلیمات پر عمل کریں تو کافی حد تک مسائل حل ہو سکتے ہیں۔وزیراعلی نے کہا کہ عوام اپنے حلقوں میں جاری ترقیاتی اور فلاحی کاموں پر بھی نظر رکھیں، اگر عوام آپس میں متحد ہو جائیں، کاموں کی نگرانی کریں تو کوئی بھی کسی سے ناانصافی نہیں کر سکتا، حکومت حقداروں کو ان کا حق دینے کے لیے دستیاب وسائل کے مطابق اقدامات کر رہی ہے، عوام بھی حقداروں کو حق کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کریں
وزیراعلی نے کہا کہ ہم مل کر ایک فلاحی اور خوشحال معاشرے کے قیام کا راستہ ہموار کر سکتے ہیں۔