"پی ڈی ایم اے نے خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں 17 سے 21 اگست تک بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔”
خیبر پختونخوا میں 17 سے 21 اگست تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا
پشاور۔ 16 اگست (اے پی پی):پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں 17 سے 21 اگست تک بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، ملاکنڈ، باجوڑ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، مردان، صوابی، خیبر، مہمند، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، کوہاٹ، کرم، ہنگو اورکزئی سمیت دیگر اضلاع میں بارش اور گرج چمک کا امکان ہے جبکہ جنوبی اضلاع میں 20 اور 21 اگست کو بارش متوقع ہے۔ پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کے دوران بالائی اضلاع کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے جبکہ مردان اور صوابی کے نشیبی علاقوں میں شدید بارش کے باعث اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔ تیز ہواؤں اور بجلی گرنے سے کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز اور سولر پینلز کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ حساس علاقوں میں پیشگی انتظامات مکمل رکھے جائیں، سڑکوں اور نکاسی آب کے نظام کو صاف رکھا جائے، دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی نالوں کی مسلسل نگرانی کی جائے اور ضرورت پڑنے پر ریسکیو ٹیموں کی بروقت تعیناتی یقینی بنائی جائے۔ پی ڈی ایم اے نے شہریوں اور سیاحوں کو بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، دریاؤں اور ندی نالوں سے محفوظ فاصلہ رکھنے اور بچوں کو پانی کے جوہڑوں، نالوں اور برساتی نالوں کے قریب نہ جانے دینے کی ہدایت کی ہے۔ بارش اور گرج چمک کے دوران بجلی کے کھلے تاروں اور برقی آلات سے دور رہنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ریسکیو 1122 سے بروقت رابطہ کیا جائے جبکہ صورتحال سے متعلق معلومات اور اپ ڈیٹس پی ڈی ایم اے کی ٹول فری ہیلپ لائن 1700 پر بھی دی جا سکتی ہیں۔








