خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع میں بارش،پہاڑوں پر برفباری کا امکان، متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت

103
PDMA
PDMA

ایبٹ آباد۔ 14 نومبر (اے پی پی):خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے حکام کا کہنا ہے کہ چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، مالاکنڈ، باجوڑ، مہمند، خیبر، پشاور، صوابی، چارسدہ اور نوشہرہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ اس دوران صوبہ کے دیگر اضلاع پشاور، ہنگو، کرک، بنوں، لکی مروت، شمالی و جنوبی وزیرستان، ٹانک اور ڈی آئی خان میں درمیانی بارش کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے تمام ضلعی انتظامیہ کو موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو بارش اور برفباری کے باعث کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے پیشگی نمٹنے کیلئے ہدایات جاری کر دی ہیں، کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے پیشگی نمٹنے کیلئے ضلعی انتظامیہ کو چھوٹی بڑی مشینری کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری مراسلہ میں بتایا گیا ہے کہ بارشوں کے دوران عوام بجلی کی تاروں، بوسیدہ عمارتوں و تعمیرات، سائن بورڈز اور بل بورڈز سے دور رہیں، کسان حضرات موسمیاتی پیش گوئی کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنے معمولات ترتیب دیں، حساس بالائی علاقوں میں سیاحوں اور مقامی آبادی کو موسمی حالات سے باخبر رہنے کیلئے احتیاتی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ حساس اضلاع میں ضلعی انتظامیہ کو مقامی آبادی تک پیغامات مقامی زبانوں میں پہنچائے جائیں، کسی بھی ہنگامی صورتحال میں تمام متعلقہ ادارے روڈ لنکس کی بحالی میں چوکس رہیں اور سڑک کی بندش کی صورت میں ٹریفک کیلئے متبادل راستے فراہم کئے جائیں، سیاحوں کو موسمی صورتحال سے آگاہ کیا جائے۔ پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی مکمل آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے، عوام کسی بھی نا خوشگوار واقعہ کی اطلاع پی ڈی ایم اے کی فری ہیلپ لائن 1700 پر دیں۔