نیویارک ۔ 8 نومبر (اے پی پی) سوڈان کے شمالی ضلع دارفر کے علاقے کبکبیا میں پاکستانی امن فوج کے دستے نے مقامی بچوں کے لئے پارک کی تعمیر مکمل کر لی ۔ پارک کا افتتاح مشن کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل لیونارڈ نگونڈی نے کیا۔اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹرز سے جاری پیغام کے مطابق یہ مقامی علاقے میں بننے والا پہلا پارک ہے جسے اقوام متحدہ-افریقن یونین مشن کے تحت وہاں موجود پاک فوج کی آٹھویں بٹالین کے قابل جوانوں نے تعمیر کیا ہے جو جیبل سی گرلز اسکول کے احاطے میں بنایا گیا ہے۔ پیغام کے مطابق پاکستانی فوجیوں نے اس بات کا ادراک کیا تھاکہ علاقے میں بچوں کے لئے تفریحی سہولیات موجود نہیں۔ انہوں نے مقامی وسائل سے یہ پارک بنایا جہاں اب 6 سے 12 سال کی عمر کے بچوں کو کھیل کی سہولت ملے گی ۔ پارک کو مقامی انتظامیہ کے حوالے کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل نگونڈی نے پاکستانی امن دستے کے اس اقدام کو سراہا ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر حکومتی عہدیدار الطیب ابوکر نے کہا کہ ہمارے بچوں کے لئے ماڈرن پلے گراو¿نڈ کی تعمیر پاکستانی دستے کا قابل تعریف کارنامہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوجی یہاں مفت طبی سہولیات کے علاوہ اسکولوں کو اسٹیشنری بھی فراہم کر رہے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنے علاقے میں پاک فوج کے امن دستے کی موجودگی کو سراہتے ہیں۔