اسلام آباد۔6نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے خزانہ و ریونیو سینیٹر محمد اسحاق ڈار نےکہا ہےکہ دانشمندانہ پالیسی فیصلوں کے ذریعے پاکستان کی معیشت کو درپیش چیلنجز سے موثر انداز میں نمٹا جا رہا ہے،موجودہ حکومت کاروباری برادری کو سہولتیں فراہم کرنے کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈارسے برطانیہ کے معروف تاجروں کے وفد نےممبر ہاؤس آف لارڈز لارڈ واجد خان کے ہمراہ اتوار کو وزارت خزانہ میں ملاقات کی۔ تجارتی وفد میں آئی جی گروپ اور اےایس ڈی اے کے سربراہ زبیر عیسیٰ اور ای جی آئی گروپ کے ڈائریکٹرز محمد عاصم، محمد طیب ، شکور احمد ، محمد یونس اور جعفر اقبال شامل تھے۔
ملاقات میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، ایس اے پی ایم برائے ریونیو طارق محمود پاشا، سیکرٹری خزانہ اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں ملک کی موجودہ مجموعی میکرو اکنامک صورت حال سے آگاہ کیا۔
وزیر خزانہ نے ملک کی معیشت کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور اسے درست سمت میں گامزن کرنے کے لیے موجودہ حکومت کی جانب سے کی جانے والی پالیسیوں اور اقدامات کے بارے میں بتایا۔
انہوں نےکہا کہ دانشمندانہ پالیسی فیصلوں کے ذریعے پاکستان کی معیشت کو درپیش چیلنجز سے موثر انداز میں نمٹا جا رہا ہے۔وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ موجودہ حکومت کاروباری برادری کو سہولتیں فراہم کرنے کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے ممکنہ مواقع پر روشنی ڈالی ۔
وفد نے وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کیا اور اپنے کاروباری پروفائل اور کاروباری نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔ وفد نے حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کو سراہا اور پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔وزیر خزانہ نے وفد کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے حکومت پاکستان کی جانب سے مکمل تعاون کا بھرپوریقین دلایا۔