اسلام آباد۔26مارچ (اے پی پی):وزیرخزانہ کے مشیرخرم شہزادنے کہاہے کہ معیشت کی بہتری کیلئے دانش مندانہ اقدامات سے نہ صرف معاشی استحکام کو یقینی بنایا گیا بلکہ مہنگائی کی شرح میں بھی نمایاں کمی ہوئی ہے۔ بدھ کواپنے ایک انٹرویومیں انہوں نے کہاکہ ملک میں معاشی استحکام آچکاہے، زرمبادلہ کے ذخائربڑھ رہے ہیں، ماضی کے برعکس ہمارے زرمبادلہ کے ذخائردوماہ کی درآمدات کیلئے کافی ہے۔
انہوں نے کہاکہ روس یوکرین جنگ،سیلاب اوربین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمت میں اضافہ سے ہماری معیشت متاثرہوئی تھی، 2022میں آنیوالے سیلاب سے پاکستان کی معشیت کو30ارب ڈالرسے زیادہ کانقصان ہواتھا، موجودہ حکومت نے معیشت کی بہتری کیلئے دانش مندانہ اقدامات کئے جس کے نتیجہ میں نہ صرف معاشی استحکام کو یقینی بنایا گیا بلکہ مہنگائی کی شرح میں بھی نمایاں کمی ہوئی ہے۔
گزشتہ سال مہنگائی کی شرح 38فیصد اورخوراک کی مہنگائی کی شرح 49فیصد تک گئی تھی، حکومتی اقدامات کے نتیجہ میں مہنگائی 9برسوں کی کم ترین سطح پرآچکی ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستانی کرنسی کی قدرمستحکم ہے، پالیسی ریٹ میں کمی آئی ہے جس سے سرمایہ کاری کوفروغ مل رہاہے۔مشیرخزانہ نے کہاکہ ٹیکس کامنصفانہ نظام وقت کی ضرورت ہے،مختلف شعبوں میں ڈھانچہ جاتی اصلاحات کاعمل جاری ہے، حکومت برآمدات پرمبنی نمومیں اضافہ پرتوجہ مرکوزکررہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ رائٹ سائزنگ کے حوالہ سے اقدامات جاری ہے، حکومت کے حجم کوکم کیاجارہاہے،43وزارتوں اوران سے منسلک 400سے زیادہ اداروں کی تنظیم نوپرمرحلہ واراندازمیں کام جاری ہے۔انہوں نے کہاکہ کاروبارمیں آسانی اورسرمایہ کاری میں اضافہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، کاروبار میں آسانی اورکاروباری لاگت میں کمی سے معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ ٹیکس کامنصفانہ نظام وقت کی ضرورت ہے۔معیشت کے مختلف شعبوں کو اپنے حجم کے لحاظ سے ٹیکسوں میں اپنا حصہ ڈالناہوگا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=576386