دبئی ، بس اور بحری ٹرانسپورٹ سٹیشنز پر مفت وائی فائی سروس فراہم

7
Dubai Roads and Transport Authority
Dubai Roads and Transport Authority

دبئی۔18جون (اے پی پی):دبئی کی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے)نے ای اینڈ کے تعاون سے 21 عوامی بس سٹیشنوں اور 22 بحری ٹرانسپورٹ سٹیشنوں پر مفت وائی فائی سروس فراہم کرنے کا عمل مکمل کر لیا ۔

متحدہ عرب امارات کی نیوز ایجنسی وام کے مطابق یہ اقدام مسافروں کے سفر کو سہل، متصل اور خوشگوار بنانے کے لیے اٹھایا گیا۔حکام کے مطابق اس سہولت کے ذریعے پبلک ٹرانسپورٹ کے مسافر دورانِ سفر اپنے سمارٹ فون، ٹیبلٹ اور لیپ ٹاپ کے ذریعے انٹرنیٹ سےمنسلک رہ سکتے ہیں۔

یہ اقدام آر ٹی اے کی خدمات میں ڈیجیٹل تبدیلی کو تیز کرنے کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے جو متحدہ عرب امارات کے وژن کے مطابق سماج کے مختلف طبقات کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے کی جارہی ہیں۔آر ٹی اے نے یہ بھی واضح کیا کہ یہ سروس روزمرہ کے سفر کو مزید آرام دہ اور فائدہ مند بنانے کے لئے فراہم کی جا رہی ہے جس کا مقصد دبئی کو دنیا کا سب سے زیادہ سمارٹ اور خوشحال شہر بنانے کے ہدف کے حصول میں معاونت ہے۔

حکام کے مطابق وائی فائی سروس کی کارکردگی کو مسلسل جانچا جائے گا تاکہ اسے مزید بہتر اور وسعت دی جا سکے۔ یہ عمل ای اینڈ کے اشتراک سے جاری رکھا جائے گا تاکہ بسوں اور بحری ٹرانسپورٹ کے مسافروں کو اعلیٰ معیار کی کنیکٹوٹی فراہم کی جا سکے۔