دبئی۔4فروری (اے پی پی):متحدہ عرب امارات میں دبئی اور شارجہ کی گولڈ مارکیٹوں میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران سونے کے نرخوں میں 3.25 درہم سے 3.75 درہم فی گرام تک کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔جیولری شاپس اور شورومز مالکان کا کہنا ہے یہ اضافہ گزشتہ 6 ہفتوں سے جاری ہے۔ اب تک فی گرام 25.5 درہم تک کا اضافہ ہوچکا ہے۔الامارات الیوم کے مطابق سونے اور زیورات کا کاروبار کرنے والوں کا کہنا ہے قیمتوں میں مسلسل اضافے نے خریداروں کو سونے کے سکوں اور بسکٹس کی فروخت پر راغب کیا ہے۔
گزشتہ ہفتے کے آخر میں 24 قیراط ایک گرام سونے کے نرخوں میں 3.75 درہم اضافہ ہوا۔ اس کی قیمت 339.75 درہم تک آگئی۔ 22 قیراط ایک گرام سونے کے نرخ بڑھ کر 314.75 درہم ہوگئے۔ ساڑھے 3 درہم کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔21 قیراط ایک گرام کی قیمت 3.25 درہم اضافے کے بعد 304.50 درہم ہوگئی۔ 18 قیراط ایک گرام کے نرخ 61 درہم تک آگئے اس میں بھی 3.25 درہم کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ایک شوروم کے مینجر نے کہا فی الحال نئے زیورات کی فروخت میں کمی ہے۔ اس وقت سونے کی قیمتیں بلند ترین سطح تک پہنچ چکی ہیں۔ اس وقت زیادہ تر سیاح صرف احباب کو تحائف دینے کے لیے خریداری کر رہے ہیں۔ قیمتیں مزید بڑھنے پر سونے کے بسکٹس کی طلب میں اضافہ متوقع ہے۔ایک گولڈ شاپ کے مالک کا کہنا تھا مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی جانب سے بسکٹس اور سکوں کی فروخت جاری ہے۔ آنے والے دنوں میں ان کی فروخت میں مزید اضافہ ہوگا۔